مریم نواز کا کردار کوئی بھی بڑی اداکارہ نہیں کرسکتی، حنا پرویز بٹ

08 جولائ 2020
حنا پرویز بٹ نے صنم سعید اور ماہرہ خان کی اداکاری کی تعریف بھی کی—فائل فوٹو: فیس بک
حنا پرویز بٹ نے صنم سعید اور ماہرہ خان کی اداکاری کی تعریف بھی کی—فائل فوٹو: فیس بک

مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ مہوش حیات، ماہرہ خان، حریم فاروق، زارا نور عباس، صنم سعید اور ایمان علی جیسی اداکارائیں بھی مریم نواز کا فلمی کردار ادا نہیں کرسکتیں۔

حنا پرویز بٹ نے حال ہی میں نجی ٹی وی جی این این کے میزبان محسن بھٹی کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے ملکی سیاست سمیت، فیشن اور ڈراما انڈسٹری پر بھی بات کی۔

پروگرام کے دوران حنا پرویز بٹ نے اپنی ذاتی زندگی، سیاسی جدوجہد اور فیشن کی دنیا میں اپنی خدمات پر بھی بات کی جب کہ انہوں نے مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے پاکستان کے مختلف سیاسی رہنماؤں اور سیاسی مسائل پر بھی بات کی۔

حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ فیشن ڈیزائنر بھی ہیں، تاہم وہ اس کے باوجود مریم نواز سمیت متعدد خواتین سے فیشن کی انسپائریشن لیتی ہیں اور انہوں نے پیپلز پارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر، شیری رحمٰن اور پاکستان تحریک انصاف کی شیریں مزاری کی تعریف بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز میں ’ارطغرل‘ جیسی خوبیاں ہی نظر آتی ہیں، حنا پرویز بٹ

ایک سوال کے جواب میں رکن پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اداکارہ وینا ملک ٹوئٹر پر ان کی قیادت کے خلاف نامناسب باتیں کرتی رہتیں ہیں جو ان سے برداشت نہیں ہوتیں، جس وجہ سے وہ اداکارہ کو کرارا جواب بھی دیتی ہیں، تاہم انہیں اپنی قیادت ایسے افراد سے نہ الجھنے کا مشورہ بھی دیتی ہے۔

رکن پنجاب اسمبلی کے خیال میں ماہرہ اور مہوش بھی مریم نواز کا کردار ادا نہیں کرسکتیں—فائل فوٹو: فیس بک
رکن پنجاب اسمبلی کے خیال میں ماہرہ اور مہوش بھی مریم نواز کا کردار ادا نہیں کرسکتیں—فائل فوٹو: فیس بک

ایک اور سوال کے جواب میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ملکی حالات سے لگ رہا ہے کہ عمران خان کی حکومت پانچ سال کی مدت پوری نہیں کرے گی جب کہ وہ بطور وزیر اعظم انہیں 10 میں سے ایک بھی نمبر نہیں دیں گی البتہ بطور کرکٹر وہ انہیں 6 نمبرز دیں گی کیوں کہ انہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ جتوایا تھا۔

حنا پرویز بٹ نے ایک اور سوال کے جواب میں زرتاج گل اور شیخ رشید کو غصے والے سیاستدان قرار دیا جب کہ انہوں نے مراد سعید کو مشورہ دیا کہ وہ تھوڑا غصہ کم کیا کریں اور اسمبلی میں کم بولا کریں۔

اسی طرح انہوں نے احسن اقبال کو مشورہ دیا کہ وہ کسی تعلیمی ادارے میں بطور پروفیسر خدمات سر انجام دینا شروع کریں، کیوں کہ وہ اچھے استاد بن سکتے ہیں۔

ن لیگ رہنما نے حریم فاروق اور صنم سعید کو بھی مریم کے کردار کے لیے ناموزوں قرار دیا—اسکرین شاٹ یوٹیوب
ن لیگ رہنما نے حریم فاروق اور صنم سعید کو بھی مریم کے کردار کے لیے ناموزوں قرار دیا—اسکرین شاٹ یوٹیوب

جب حنا پرویز بٹ سے پوچھا گیا کہ اگر مریم نواز کی زندگی پر فلم بنائی جائے اور ان کا کردار ماہرہ خان، مہوش حیات، حریم فاروق یا زارا نور عباس کو کرنے کی پیش کش کی جائے تو وہ مذکورہ اداکاراؤں میں سے کس کو مریم نواز کے روپ میں دیکھنا چاہیں گی؟

سوال کے جواب میں حنا پرویز بٹ نے مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ قدر آور اور خوبصورت ہیں، اس لیے مذکورہ اداکاراؤں میں سے کوئی بھی اداکارہ ان کا کردار ادا نہیں کرسکتیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہیں اداکاری میں صنم سعید اور ایمان علی پسند ہیں مگر ان کی سانولی رنگت کی وجہ سے وہ بھی مریم نواز کا کردار ادا نہیں کرسکتیں۔

حنا پرویز بٹ نے ماہرہ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ بھی اچھی اداکارہ ہیں مگر انہیں لگتا ہے کہ وہ بھی مریم نواز کا کردار ادا نہیں کر پائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں