• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:56pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:33pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:56pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:33pm

امبر ہرڈ نے ایجنڈا کے تحت مجھ سے شادی کرکے دولت و شہرت بٹوری، جونی ڈیپ

شائع July 8, 2020
جونی ڈیپ نے ایک بار پھر سابق اہلیہ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کیا—فوٹو: رائٹرز
جونی ڈیپ نے ایک بار پھر سابق اہلیہ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کیا—فوٹو: رائٹرز

معروف ہولی وڈ اداکار 57 جونی ڈیپ نے ایک بار پھر سابق اہلیہ 34 سالہ اداکارہ امبر ہرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت الزامات لگائے گئے اور یہ کہ امبر ہرڈ نے ایجنڈا کے تحت ان سے شادی کی۔

جونی ڈیپ 7 جولائی کو لندن کی ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے معروف برطانوی اخبار دی سن کے خلاف جھوٹا مضمون شائع کرنے پر مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

جونی ڈیپ نے اپریل 2018 میں برطانوی اخبار 'دی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا تھا۔

’دی سن‘ نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ شخص قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کو ایک مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

اخبار کی جانب سے مضمون شائع کیے جانے کے بعد جونی ڈیپ نے اخبار کے خلاف برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اخبار کے خلاف 2 لاکھ یورو ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا اور اس کی متعدد سماعتیں ہوچکی ہیں۔

جونی ڈیپ نے عدالت میں تحریری بیان بھی جمع کروادیا—فوٹو: اے پی
جونی ڈیپ نے عدالت میں تحریری بیان بھی جمع کروادیا—فوٹو: اے پی

اسی کیس کی سماعت کے دوران جونی ڈیپ کے ساتھ ماضی میں رومانوی تعلقات میں رہنے والی دو اداکاراؤں نے گزشتہ ماہ 13 مئی کو ان کے حق میں بیان عدالت میں جمع کروایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ لکھنے پر جونی ڈیپ کا برطانوی اخبار پر مقدمہ

علاوہ ازیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کی پرنسل سیکریٹری نے بھی 16 مئی کو جونی ڈیپ کے حق میں بیان جمع کروایا تھا۔

جونی ڈیپ کے حق میں خواتین کی جانب سے بیانات جمع کرائے کے بعد برطانوی اخبار نے 26 جون عدالت سے درخواست کی تھی کہ اداکار کا مقدمہ خارج کیا جائے، کیوں کہ تاحال اداکار نے اس بات کے ثبوت جمع نہیں کروائے کہ وہ نشہ کرکے خواتین پر تشدد کرنے کے عادی ہیں یا نہیں۔

تاہم عدالت نے رواں ماہ 3 جولائی کو برطانوی اخبار کی درخواست مسترد کردی تھی اور 7 جولائی سے جونی ڈیپ کے دائر کیے گئے مقدمے کا تین ہفتوں پر مشتمل ٹرائل شروع ہوگیا۔

اداکار نے دیدہ زیب فیس ماسک سے چہرے کو چھپا رکھا تھا—فوٹو: رائٹرز
اداکار نے دیدہ زیب فیس ماسک سے چہرے کو چھپا رکھا تھا—فوٹو: رائٹرز

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرائل کے آغاز پر جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ سمیت اخبار کے وکلا نے بھی شرکت کی اور دوران سماعت جونی ڈیپ نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔

بیان ریکارڈ کروانے کے دوران جونی ڈیپ نے ایک بار پھر خود پر لگے تمام الزامات کو مسترد کیا اور واضح کیا کہ انہوں نے کبھی بھی سابق اہلیہ امبر ہرڈ پر تشدد نہیں کیا بلکہ وہ انہیں تشدد کا نشانہ بناتی رہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ امبر ہرڈ تشدد کے حوالے سے جھوٹ بول رہی ہیں، انہوں نے ان پر تو کیا کسی اور خاتون پر بھی کبھی تشدد نہیں کیا۔

عدالت میں جونی ڈیپ نے اعتراف کیا کہ وہ شراب نوشی سمیت مختلف قسم کی منشیات استعمال کرتے ہیں اور انہیں یہ عادت 11 سال کی عمر سے ہے اور ان کے نشے کی عادت کا خواتین پر تشدد سے کوئی تعلق نہیں۔

جونی ڈیپ کے مطابق وہ نشہ کرنے کے بعد کبھی بھی غصے میں نہیں ہوتے اور نہ ہی ان کی جانب سے کسی پر نشے کی حالت میں تشدد کرنے کا سوال پیدا ہوتا ہے۔

امبر ہرڈ بھی اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ دیدہ زیب فیس ماسک پہنے ہوئی عدالت پہنچیں—فوٹو: اے پی
امبر ہرڈ بھی اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ دیدہ زیب فیس ماسک پہنے ہوئی عدالت پہنچیں—فوٹو: اے پی

سماعت کے دوران اخبار کے وکلا نے بھی جونی ڈیپ سے جرح کی اور انہوں نے اخبار کے مضمون کو بھی جھوٹا قرار دیا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق برطانوی اخبار کے مضمون میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جونی ڈیپ نے امبر ہرڈ کو 2013 سے 2016 تک مختلف ممالک اور مواقع پر کم از کم 14 بار تشدد کا نشانہ بنایا۔

تاہم اپنے بیان میں جونی ڈیپ نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جن ممالک اور مواقع کا ذکر کیا گیا ہے، ان ہی مواقع اور ممالک میں انہوں نے نہیں بلکہ ان کی سابق اہلیہ نے ان پر تشدد کیا تھا۔

امبر ہرڈ نے ایجنڈا کے تحت مجھ سے شادی کرکے شہرت و دولت کمائی، جونی ڈیپ—فوٹو: اے پی
امبر ہرڈ نے ایجنڈا کے تحت مجھ سے شادی کرکے شہرت و دولت کمائی، جونی ڈیپ—فوٹو: اے پی

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اداکار نے سماعت کے دوران دعویٰ کیا کہ امبر ہرڈ ایجنڈا کے تحت ان کی زندگی میں آئیں اور انہوں نے ان سے شادی کرکے اپنا کیریئر اور دولت بڑھائی۔

اداکار کے مطابق شادی کے ابتدائی ایام میں امبر ہرڈ کا رویہ اچھا تھا، تاہم بعد میں وہ تبدیل ہوگئیں اور انہوں نے اداکار کی زندگی تباہ کردی۔

اے پی کے مطابق سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ جونی ڈیپ سے شادی کے ابتدائی ایام میں ہی امبر ہرڈ نے کاریں اور سائنسی آلات بنانے والی نجی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک سے ناجائز تعلقات استوار کرلیے تھے۔

دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی—فوٹو: دی مرر
دونوں نے 2015 میں شادی کی تھی—فوٹو: دی مرر

عدالت کو یہ آگاہی بھی دی گئی کہ امبر ہرڈ نے ایلون مسک کے علاوہ ایک اور ساتھی اداکار جیمز فرانکو سے بھی شادی کے فوری بعد ہی تعلقات استوار کرلیے تھے۔

عدالت کی سماعت کے دوران جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ نے چہرے بھی فیشن ایبل فیس ماسک لگا رکھے تھے اور سماعت میں امبر ہرڈ کا بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: برطانوی اخبار جونی ڈیپ کے دائر مقدمے کو ختم کرانے کا خواہاں

مذکورہ ٹرائل کی سماعتیں کم از کم تین ہفتوں تک جاری رہیں گی، ممکن ہے کہ سماعتوں کا دورانیہ بڑھ جائے۔

جونی ڈیپ نے مذکورہ کیس کے علاوہ امریکی عدالت میں بھی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کے خلاف تشدد کے جھوٹے الزامات لگانے پر 5 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

امبر ہرڈ نے 2016 میں جونی ڈیپ پر تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

57 سالہ جونی ڈیپ اور 34 سالہ امبر ہرڈ کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے فروری 2015 میں شادی کی تھی۔

امبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگایا تھا—فوٹو: ڈیلی ایکسپریس
امبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگایا تھا—فوٹو: ڈیلی ایکسپریس

کارٹون

کارٹون : 11 ستمبر 2024
کارٹون : 10 ستمبر 2024