وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی صحت سے متعلق افواہوں کی تردید کردی

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2020
3 جولائی کو شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی —فئل فوٹو: پی آئی ڈی
3 جولائی کو شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی —فئل فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وکی پیڈیا میں ان کی پروفائل ایڈٹ کیے جانے اور اپنی صحت سے متعلق افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی سچائی نہیں اور وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ' ضرر رساں' عناصر نے وکی پیڈیا پر ان کی پروفائل ایڈٹ کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ 'بہت سی پیچیدگیاں پیدا کی گئیں جس سے میرے پیاروں اور اہلخانہ کو تکلیف پہنچی'، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں فون کالز بھی موصول ہونا شروع ہوگئی تھیں۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں اور میں ٹھیک ہوں۔

خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی نے وکی پیڈیا پر کی گئی تبدیلیوں کی وضاحت نہیں کی تاہم پیج کی ہسٹری سے ظاہر ہوتا ہے کہ 5 جولائی کو کی جانے والی تبدیلی میں یہ عکاسی کی گئی تھی کہ وزیر خارجہ 4 جولائی کو 'انتقال' کرگئے تھے۔

اسکرین شاٹ وکی پیڈیا —
اسکرین شاٹ وکی پیڈیا —

مزید برآں وزارت خارجہ کی جانب سے بھی شاہ محمود قریشی کی پروفائل میں کی گئی تبدیلیوں سے متعلق بیان جاری کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ہم ضرر رساں عناصر کی جانب سے وزیر خارجہ کے وکی پیڈیا پیج کو ہیک کرنے اور سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق افواہیں پھیلانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالٰی کے فضل و کرم سے وزیر خارجہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، بیرون ملک اور تمام افراد کی جانب سے ان کے لیے دعاؤں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے فضائی حملے کی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، وزیرخارجہ

خیال رہے کہ 3 جولائی کو شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کہ انہیں ہلکا بخار ہوا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'اب میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے لیکن اللہ کے کرم سے میں خود کو مضبوط اور توانا محسوس کر رہا ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں گھر سے اپنے فرائض انجام دیتا رہوں گا جبکہ عوام سے درخواست ہے کہ مجھے دعاؤں میں یاد رکھیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں