مولانا عبدالعزیز کو لال مسجد جانے سے روکنے کیلئے جامعہ حفصہ کا گھیراؤ

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2020
مولانا عبدالعزیز کو لال مسجد جانے سے روکا گیا—فوٹو: محمد عاصم
مولانا عبدالعزیز کو لال مسجد جانے سے روکا گیا—فوٹو: محمد عاصم

اسلام آباد: پولیس نے لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کو مدرسہ چھوڑ کر مسجد جانے سے روکنے کے لیے جامعہ حفصہ کا گھیراؤ کرلیا۔

دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس حکام نے ڈان کو بتایا کہ مولانا عبدالعزیز نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ لال مسجد واپس جائیں گے کیونکہ دارالحکومت انتظامیہ نے ان کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

اس کے جواب میں محکمہ انسداد دہشت گردی، انسداد دہشت گردی فورس اور انسداد فساد یونٹ سمیت 150 اہلکاروں کا پولیس کا دستہ جی-7 میں مدرسے کے اطراف میں تعینات کردیا گیا تاکہ ان کو وہاں سے جانے سے روکا جاسکے۔

مزید پڑھیں: مولانا عبدالعزیز کی واپسی روکنے کیلئے لال مسجد کا ایک مرتبہ پھر گھیراؤ

خیال رہے کہ مولانا عبدالعزیز اور ان کا خاندان جون میں انتظامیہ کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت لال مسجد سے جامعہ حفصہ منتقل ہوگیا تھا، مذکورہ معاہدے کے تحت 2 ماہ کے لیے ان کے لال مسجد میں داخلے پر پابندی لگائی گئی تھی۔

تاہم 7 جولائی کو مولانا عبدالعزیز، ان کے اہل خانہ اور جامعہ حفصہ کے طلبہ سیکٹر ای 7 میں موجود جامعہ فریدیہ چلے گئے تھے جو موجودہ مدرسے کی انتظامیہ سے کشیدگی کا باعث بھی بنا تھا، بعد ازاں علما کی جانب سے انہیں مدرسے میں لانے کے معاملے پر یقین دہانی کرائے جانے پر 2 روز بعد ان کی جامعہ حفصہ واپسی ہوئی تھی۔

عہدیداروں کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالعزیز نے اپنے ایک قریبی ساتھی مولانا ادریس کی جامعہ فریدیہ کے باہر سے گمشدگی کے بعد ایک پیغام میں دارالحکومت انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ توڑنے کی دھمکی دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز کی اہلیہ اور جامعہ حفصہ کے طلبہ نے مولانا ادریس کی گمشدگی کے بعد مدرسے کا دورہ کیا، جس کا نتیجہ دونوں مدارس کے طلبہ کے درمیان ہاتھا پائی کی صورت میں نکلا۔

اس پیغام کے جواب میں پولیس لال مسجد کے اطراف میں تعینات کردی گئی تھی تاکہ مولانا عبدالعزیز کو مسجد میں داخلے سے روکا جاسکے، تاہم مولانا نے کہا کہ وہ بدھ کو مسجد جائیں گے، جس کی وجہ سے پولیس نے انہیں روکنے کے لیے جامعہ حفصہ کے اطراف بھی دستے تعینات کردیے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا عبدالعزیز لال مسجد پر قابض، صورتحال کشیدہ

انہوں نے کہا کہ وہ کچھ گارڈ اور دیگر لوگوں کے ساتھ جامعہ حفصہ سے نکلے تھے لیکن کچھ دیر بعد وہاں موجود پولیس حکام کے ساتھ بات چیت کے بعد وہ دوبارہ اندر چلے گئے۔

مولانا عبدالعزیز کے بھتیجے ہارون رشید نے ڈان کو بتایا کہ مولانا عبدالعزیز نے اعلان اس لیے کیا تھا کیونکہ انتظامیہ نے لال مسجد کا گھیراؤ کرکے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے حکام اور علما کی جانب سے معاملے کو حل کرنے کے لیے کچھ وقت مانگنے کے بعد مولانا نے اپنے منصوبے کو ملتوی کردیا تھا۔


یہ خبر 23 جولائی 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں