ملکی خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، سربراہ پاک فضائیہ

اپ ڈیٹ 13 اگست 2020

ای میل

پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان ایئرفورس کے پائلٹس اور عملے کے بلند حوصلے کو سراہا— فوٹعو بشکریہ نوید صدیقی
پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان ایئرفورس کے پائلٹس اور عملے کے بلند حوصلے کو سراہا— فوٹعو بشکریہ نوید صدیقی

پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایئرفورس اپنے مادر وطن کی خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاکستان ایئرفورس کی آپریشنل ایئربیس کا دورہ کیا اور پاکستان کے فضائی بیڑے میں شامل کیے گئے جے ایف 17 ڈوئیل سیٹ جہاز کی ٹریننگ کی۔

مزید پڑھیں: جے ایف 17 بی تھنڈر کی پہلی کامیاب آزمائشی اڑان

ایئر چیف مارشل آپریشنل ایئربیس پہنچے تو ایئر آفیسر کمانڈنگ اور بیس کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔

پاکستان ایئر فورس کے چیف آف ایئر اسٹاف مجاہد انور خان خود بھی ایف 16 کے پائلٹ ہیں اور انہوں نے دورے کے دوران جے ایف 17 تھڈر ڈوئیل سیٹ ایئر کرافٹ کے آپریشنل ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔

پاک فضائییہ کے سربراہ نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے ڈوئیل سیٹ ایئر کرافٹ کی آپریشنل صلاحیتوں کا خود جائزہ لیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے خود جے ایف 17 تھڈر ڈوئیل سیٹ ایئر کرافٹ کے آپریشنل ٹریننگ مشن میں حصہ لیا— فوٹو بشکریہ نوید صدیقی
پاک فضائیہ کے سربراہ نے خود جے ایف 17 تھڈر ڈوئیل سیٹ ایئر کرافٹ کے آپریشنل ٹریننگ مشن میں حصہ لیا— فوٹو بشکریہ نوید صدیقی

ایئر چیف نے فضائی اور زمینی عملے سے رابطہ کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: جے ایف-17 تھنڈر اور ایف-16 : دونوں میں کیا فرق ہے؟

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ کے ایف تھنڈر کے ڈوئیل سیٹ ورژن اور بلاک 3 طیارے کی پاک فضائیہ کے بیڑے میں شمولیت سے پاکستان ایئر فورس کو جدت برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کا عملہ پاک فضائیہ کے بہادر جنگجوؤں کی میراث کے قابل فخر محافظ ہیں اور اس کا وہ گزشتہ سال مظاہرہ بھی کر چکے ہیں۔

نئی خصوصیات اور جدید آلات سے آراستہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان اور چین کے اشراک سے تیار تیار کیے گئے ہیں— فوٹو بشکریہ نوید صدیقی
نئی خصوصیات اور جدید آلات سے آراستہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان اور چین کے اشراک سے تیار تیار کیے گئے ہیں— فوٹو بشکریہ نوید صدیقی

پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ دشمن کی جانب سے ہتھیاروں کی ذخیرہ اندوزی سے پاکستان ایئرفورس ہرگز خوفزدہ نہیں اور ہم اپنے وطن کی خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں: جے ایف 17 تھنڈر کی گھن گرج میں 'سرپرائز ڈے'

پاکستان ائیر فورس (پی اے ایف) اور چین کی شراکت سے تیار کردہ دو سیٹ والے جے ایف 17 بی تھنڈر نے اپریل 2017 میں چین میں اپنی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز کی تھی۔

جے ایف 17 تھنڈر طیارے

نئی خصوصیات اور جدید آلات سے آراستہ جے ایف 17 تھنڈر طیارے پاکستان اور چین کے اشراک سے تیار کیے گئے ہیں۔

چین کے ٹیکنیشنز کی مدد سے پاکستان میں تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کم وزن ملٹی رول طیارے ہیں جو کہ آواز کی رفتار سے دوگنا زیادہ رفتار سے 55000 فٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان طیاروں کی تیاری کا آغاز 1999 میں ہوا تھا اور اس کی پہلی آزمائشی 2003 میں کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: لڑاکا طیارہ جے ایف17 تھنڈر کی پہلی کھیپ متعارف

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں دیگر ممالک کی دلچسپی کی بنیادی وجہ اس کی قیمت ہے جو کہ امریکی ایف 16 سے 16 سے 18 لاکھ ڈالر کم ہے۔

جے ایف 17 تھنڈر بلاک ٹو طیارے فضا میں ری فیولنگ، ڈیٹا لنک، توسیعی الیکٹرانک وارفیئر اور زیادہ وزن اٹھانے کی صلاحیت کے حامل ہیں۔

یاد رہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی ایک بڑی تعداد پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شامل کی جاچکی ہے۔