کراچی میں بارشوں سے تباہی پر شوبز شخصیات برہم

طوفانی بارشوں  سے شہر قائد کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال  پیدا ہوئی— فوٹوز:انسٹاگرام ، اسکرین شاٹ
طوفانی بارشوں سے شہر قائد کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی— فوٹوز:انسٹاگرام ، اسکرین شاٹ

کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون کے چھٹے اسپیل کے دوسرے دن تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا تھا جبکہ صوبے سمیت شہر قائد کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوئی۔

گزشتہ روز ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں 3 نوجوان جاں بحق ہوئے جبکہ شہر کے چھوٹے نالے ابل پڑے جبکہ ندیوں میں طغیانی کے باعث کا بارش کا پانی علاقوں میں داخل ہونے شہری چھتوں پر پناہ لینے یا نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

سیلابی ریلے کے باعث قائد آباد کے نزدیک سکھن ندی کے بند میں شگاف پڑ گیا جبکہ محمود آباد اور پی ای ایس ایچ کے سنگم پر موجود ملیر ندی کے دادا بھائی بند کا ایک گیٹ کھل جانے سے آس پاس کی آبادی زیر آب آگئی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی کو 'کچراچی' بنانے والوں کے گریبان پر ہاتھ کون ڈالے گا، شاہد آفریدی

طوفانی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے شہر بھر کے عوام مشکلات کا شکار ہیں جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ میں گزشتہ روز رین ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔

جہاں عوام حکومت سندھ سے نالاں دکھائی دیتے ہیں وہیں شوبز شخصیات نے بھی بارش کے نتیجے میں کراچی ڈوبنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

یاسر حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ کراچی کو سب نے مل کر برباد کیا ہے، حسین شہر ہے یہ کچرا دان بنادیا ہے۔

انہوں نے مختلف اسٹوریز میں کراچی میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کی تصاویر بھی اپلوڈ کی اور لکھا کہ مدت سے پنپتی ہوئی سازش نے ڈبودیا کہنے کو میرے شہر کو بارش نے ڈبودیا۔

دوسری جانب کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں تالاب کا منظر پش کرتی سڑکوں کی ویڈیو پوسٹ کی۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ' کرنٹ لگنا، ڈوبنا، املاک کو ناقابل تلافی نقصان، زہریلا ہونا، یپاٹائٹس، ٹائیفائیڈ، پولیو کے پھیلاؤ کا خطرہ، ڈینگی اور ملیریا جیسی بیماریاں ً کراچی ایمرجنسی کی حالت میں کیسے نہیں ہے؟

یہ بھی پڑھیں: شدید بارشوں کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں سیلابی صورتحال   شنیرا اکرم کے اس ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے فخر عالم نے لکھا کہ کراچی لاتعلقی کی حالت میں ہے، یہ بات سب کو حیران کرتی ہے کہ ملک کا سب سے بڑا شہر وقت کے ساتھ ساتھ تنزلی کی طرف گیا ہے۔

فخر عالم نے مزید لکھا کہ میں کسی سیاسی تعصب کے بغیر بطور شہری کہتا ہوں کہ یہ تقریباً ایسا ہی ہے کہ کراچی کے شہریوں نے اسے تنہا چھوڑ دیا ہے۔

علاوہ ازیں آر جے اور اداکار علی سفینہ نےکہا کہ شکایت کے بجائے ہم سب کو کچھ مثبتیت پھیلانی چاہیے۔

انہوں نے لکھا کہ کراچی کے ان تمام شہریوں کو سلام جو سڑکوں پر پھنسے لوگوں کی مدد کررہے ہیں، لوگوں کو اپنے پیاروں تک باحفاظت پہنچا رہے ہیں۔

علی سفینہ نے یہ بھی لکھا کہ لوگ ایسا اس لیے نہیں کررہے کہ یہ ان کی ڈیوٹی ہے بلکہ وہ اس لیے کررہے ہیں کیونکہ وہ خیال رکھتے ہیں۔

دوسری جانب اداکار ڈاکٹر فہد مرزا اپنی ڈیوٹی پر ہسپتال گئے تھے تاہم ہسپتال سے واپسی پر ان کی گاڑی ڈوب گئی تھی۔

اپنی مختلف ویڈیوز میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے، میں آپریٹ کرنے کے لیے این ایم سی گیا تھا اور واپسی پر میری گاڑی ڈوب گئی۔

مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں سے تباہی، صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے اور ایک سرجن کام سے واپس نہیں آسکتا، یہ انتہائی شرمناک ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کراچی میں ریکارڈ بارش سے ہونے والے بدترین حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب چپ رہنا مجرمانہ خاموشی ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ 'کراچی کے حالات پر اب چپ رہنا مجرمانہ خاموشی ہے، دل خون کے آنسو روتا ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں