کورونا کے باعث ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں ورچوئل ایوارڈ تقریب

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2020
کیٹ ونسلیٹ کو بھی ایوارڈ دیا گیا—فائل فوٹو: ٹورنٹو فلم فیسٹیول
کیٹ ونسلیٹ کو بھی ایوارڈ دیا گیا—فائل فوٹو: ٹورنٹو فلم فیسٹیول

دنیا بھر میں کورونا کا خوف کم ہونے کی وجہ سے جہاں اب جزوری طور پر سینما کھول دیے گئے ہیں، وہیں اب فلم فیسٹیولز کا انعقاد بھی ہونے لگا ہے۔

حال ہی میں اٹلی میں ہونے والے قدیم ترین فلم فیسٹیول ’وینس‘ کا انعقاد کیا گیا تھا اور جلد ہی امریکا میں ’ایمی ایوارڈز‘ کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

وہیں کینیڈا میں معروف اور دنیا کے بڑے فلمی میلوں میں شمار ہونے والے ’ٹور انٹرنیشل نٹو فلم فیسٹیول‘ (ٹی آئی ایف ایف) کا انعقاد بھی کردیا گیا۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق ’ٹور انٹرنیشل نٹو فلم فیسٹیول‘ کا آغاز رواں ماہ 10 ستمبر کو ہوا تھا، تاہم میلے کے اختتام سے تین دن قبل فیسٹیول میں متعدد شوبز شخصیات کو ورچوئل تقریب میں ایوارڈز دیے گئے۔

’ٹورانٹو انٹرنیشل فلم فیسٹیول‘ انتظامیہ کی جانب سے معروف اداکارہ کیٹ ونسلیٹ، اینتھونی ہاپکنس، فلم ساز چلوئے ژاؤ، بھارتی فلم ساز میرا نیر، ٹیریسی ڈیر اور فلم ساز ٹرینس بلانشرڈ کو ٹورانٹو انٹرنیشل فلم فیسٹیول ٹربیوٹ ایوارڈز سے نوازا گیا۔

تمام شخصیات کو ورچوئل تقریب کے دوران ایوارڈز دیے گئے اور اس دوران تمام شخصیات نے کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

ورچوئل ایوارڈ تقریب کے دوران گلوکاروں نے فن کا مظاہرہ بھی کیا اور تقریب کو ٹورنٹو فلم فیسٹیول کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت مختلف شوبز ویب سائٹس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر آن لائن دکھایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں 121 خواتین فلم سازوں کی موویز پیش

اس بار جہاں فلم فیسٹیول کے دوران ایوارڈ تقریب منعقد نہیں کی گئی، وہیں اس سال ریڈ کارپٹ بھی نہیں بچھایا گیا تھا۔

ٹورنٹو فلم فیسٹیول کی ویب سائٹ کے مطابق اس سال 10 سے 20 ستمبر تک مجموعی طور پر 140 کے قریب فلمیں پیش کی جائیں گی۔

اگرچہ ٹورنٹو فلم فیسٹیول کے دوران ریڈ کارپٹ نہیں بچھایا گیا تاہم فلموں کی نمائش کے لیے مختلف مقامات پر سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ انتظامات کیے گئے ہیں۔

ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں اس بار درجنوں ہولی وڈ فلمیں، مختلف ممالک کی سماجی مسائل پر بننے والی مختصر اور دستاویزی فلموں سمیت ویب سیریز کو بھی پیش کیا جا رہا ہے۔

ٹورنٹو فلم فیسٹیول کے دوران 19 ستمبر کو تقسیم ہند کے موضوع پر بنے خصوصی ڈرامے (اے سیوٹ ایبل بوائے) کو بھی پیش کیا جائے گا۔

مذکورہ ڈرامے کی ہدایات میرا نیر نے دی ہیں، جنہیں فلم فیسٹیول نے ٹربیوٹ ایوارڈ سے بھی نوازا۔

تبصرے (0) بند ہیں