پہلی بار ایک ساتھ 4 نئے آئی فونز متعارف کرائے جانے کا امکان

21 ستمبر 2020
اس سال آئی فون 12 کا ڈیزائن ایسا ہوسکتا ہے —  فوٹو بشکریہ فون ایرینا
اس سال آئی فون 12 کا ڈیزائن ایسا ہوسکتا ہے — فوٹو بشکریہ فون ایرینا

اس سال پہلی بار ایپل کی جانب سے 4 نئے آئی فونز متعارف کرائے جائیں گے۔

ایپل انسائیڈر کی رپورٹ میں ایپل مصنوعات کی تفصیلات لیک کرنے والے ایک ٹوئٹر صارف کے حواللے سے بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے آئی فون 12 میں ناموں کے سسٹم میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔

گزشتہ کئی سال سے ایپل کی جانب سے ریگولر آئی فون کے ساتھ بڑے ماڈلز کو میکس یا پلس کے نام کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔

آئی فون 12 سیریز میں بھی پرو اور میکس کا سلسلہ جاری رہے گا مگر ریگولر ماڈلز کے لیے ناموں کو تبدیلیا جارہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سال ایپل کی جانب سے آئی فون 12 منی، آئی فون 12، آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس کے نام سے ماڈلز پیش کیے جائیں گے۔

یعنی پہلی بار ایپل کی جانب سے سب سے چھوٹی اسکرین والے ماڈل کو منی کے نام سے متعارف کرایا جائے گا۔

خیال رہے کہ آئی فون منی میں 5.4 انچ ڈسپلے دیا جاسکتا ہے جبکہ آئی فون 12 میں 6.1 انچ، آئی فون 12 پرو میں بھی 6.1 انچ اور آئی فون پرو میکس میں 6.7 انچ ڈسپلے دیئے جانے کا امکان ہے۔

اس بار کے آئی فون میں پہلے سے زیادہ بہتر اے 14 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ ریگولر ماڈلز میں 4 جی بی ریم اور پرو ماڈلز میں 6 جی بی ریم دیئے جانے کا امکان ہے۔

کچھ لیکس کے مطابق ریگولر ماڈلز میں المونیم باڈی استعمال کی جائے گی جبکہ پرو ماڈلز اسٹین لیس اسٹیل سے لیس ہوں گے۔

اسی طرح آئی فون 12 میں بیک پر الٹرا وائیڈ اور وائیڈ اینگل کیمرے ہوں گے جبکہ پرو فونز میں ٹیلی فوٹو لینس کے ساتھ تیسرا کیمرا بھی ہوگا جبکہ ایسی افواہیں بھی ہیں کہ مہنگے آئی فونز میں آئی پیڈ پرو میں دیا گیا لائی ڈار سنسر دیا جاسکتا ہے جو اے آر اور فوٹوگرافک ایفیکٹس میں مدد فراہم کرتا ہے۔

ایپل کی جانب سے عام طور پر نئے آئی فونز ستمبر کے وسط میں متعارف کرائے جاتے ہیں مگر رواں سال کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے وہ تاخیر کا شکار ہوچکے ہیں۔

اب خیال کیا جارہا ہے کہ نئے آئی فونز اکتوبر میں کسی وقت متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں