ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا، سید نور کی آنے والی کی فلم کی ہیروئن

اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2020
فلم کی ہیروئن ٹک ٹاک اسٹارجنت مرزا ہیں اور یہ ان کی پہلی فلم ہے— فوٹو: انسٹاگرام
فلم کی ہیروئن ٹک ٹاک اسٹارجنت مرزا ہیں اور یہ ان کی پہلی فلم ہے— فوٹو: انسٹاگرام

معروف پاکستانی فلم ساز سید نور ملک میں پنجابی فلم سنیما کی بحالی میں کردار ادا کرتے ہوئے جلد ایک نئی فلم شائقین کے لیے پیش کریں گے جس کی ہیروئن کا کردار ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا ادا کررہی ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق فلم کے ہدایت کار سید نور پنجابی سنیما کے بحالی کی کوششوں میں کردار ادا کرتے ہوئے ‘تیرے باجرے دی راکھی’ کے نام سے فلم بنارہے ہیں۔

فلم کا تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والا دیگر کام جلد مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: سید نور کی 'آئینہ 2' کے ساتھ واپسی

اس فلم کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ مصطفیٰ قریشی اور ان کے بیٹے عامر قریشی پہلی مرتبہ سلور اسکرین پر ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔

فلم کے ہیرو کو بھی پہلی مرتبہ سلور اسکرین پر متعارف کروایا جارہا ہے، فلم کے ہیرو عبداللہ نے کینیڈا سے فلم کی تعلیم حاصل کی ہے۔

سید نور کی فلم کی ہیروئن ٹک ٹاک اسٹارجنت مرزا ہیں اور یہ ان کی پہلی فلم ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکارہ صائمہ، عرفان کھوسٹ، شفقت چیمہ، افتخار ٹھاکر، آغا ماجد، سلیم البیلا اور صائمہ سلیم جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے سید نور نے اس بات پر زور دیا کہ دیگر چند پنجابی فلمیں بھی جلد شوٹ ہونے والی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگ پنجابی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں اور اس ‘سنہری دور’ کی بحالی کی کوششیں کرنی چاہئیں۔

سید نور نے کہا کہ میری فلم اسی کوشش کا حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دو قسطیں دیکھنے کے بعد ارطغرل غازی دیکھنا چھوڑ دیا تھا، سید نور

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو فلم اکیڈمی کے قیام پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور طلبہ کو عملی تجربے کے ساتھ نظریاتی تعلیم بھی دی جانی چاہیے۔

ہدایت کار نے وفاقی وزیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ کی جانب سے فلم انسٹیٹیوٹ بنائے جانے کے اعلان کو بھی سراہا۔

سید نور کی اس فلم کی شوٹنگ لاہور اور ملحقہ دیہاتوں میں کی گئی ہے فلم کی موسیقی ذوالفقار نے ترتیب دی ہے جبکہ اس کی کہانی سیدنور نے لکھی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں