• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:29pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:35pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:29pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 4:35pm

بولی وڈ اداکار آصف بسرا کی لاش گیسٹ ہاؤس سے برآمد

شائع November 12, 2020 اپ ڈیٹ November 13, 2020
ایس پی دھرم شالا کے مطابق آصف بسرا نے آج صبح میں خودکشی کی—فوٹو: فیس بک
ایس پی دھرم شالا کے مطابق آصف بسرا نے آج صبح میں خودکشی کی—فوٹو: فیس بک

بولی وڈ اداکار آصف بسرا بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں واقع گیسٹ ہاؤس میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں اور ان کی موت کو مبینہ طور پر خودکشی قرار دیا جارہا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ایس پی دھرم شالا وم کٹ رنجن نے کہا کہ 'آصف بسرا نے آج (12 نومبر کی) صبح میں خودکشی کی'۔

انہوں نے کہا کہ اداکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا جو کل کیا جائے گا۔

—فوٹو:ڈی این اے انڈیا
—فوٹو:ڈی این اے انڈیا

ایس پی نے مزید کہا کہ اداکار کے پاس سے خودکشی کو کوئی نوٹ نہیں ملا۔

مزید پڑھیں: محض 4 ماہ میں پانچویں بھارتی اداکار کی خودکشی

بھارت کی شوبز و ٹی وی انڈسٹری میں دیگر ممالک کے مقابلے میں اداکاروں کی جانب سے خودکشی کرنے کا رجحان بھی زیادہ پایا جاتا ہے۔

بھارت میں ٹی وی اور شوبز سے وابستہ افراد میں خودکشی کے بڑھتے رجحان کا اندازہ 6 ماہ میں 6 اداکاروں کی خودکشی سے بھی لگایا جا سکتا ہے۔

اس وقت جہاں بھارت میں سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی تاحال بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے، وہیں اب بھارت کے ایک اور اداکار نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کی خبر سامنے آئی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 53 سالہ آصف بسرا امراوتی میں پیدا ہوئے تھے اور 1989 میں ممبئی آگئے تھے۔

ان کی ویب سائٹ کے مطابق آصف بسرا نے فزکس میں بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی تھی اور بطور تھیٹر آرٹس اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔

1998 میں فلم 'وہ' کے ساتھ اپنے کیرئیر کا آغاز کیا، انہوں نے 'بلیک فرائیڈے'، 'پرزانیا'، 'آؤٹ سورسڈ'، 'جب وی میٹ'، 'ونس اپون آ ٹائم ان ممبئی'، 'کائی پوچے'،'کرش 3'، 'ایک ولن'، 'ہچکی' میں اداکاری کی۔

فوٹو:زی نیوز—
فوٹو:زی نیوز—

گزشتہ دہائی میں آصف بسرا لیڈر شپ، کمیونیکیشن اور ٹیم بلڈنگ ایٹ ورک پلیس میں 50 سے زائد ورکشاپس کا حصہ بنے۔

انہیں رواں برس آخری مرتبہ ڈزنی اور ہوٹ اسٹار کی ویب سیریز 'ہوسٹیجز' کے دوسرے سیزن میں دیکھا گیا تھا جو رواں برس ریلیز ہوئی تھی۔

اداکار آصف بسرا ایمیزون پرائم کی ویب سیریز پاٹال لوک میں میڈیا ہاؤس کے سینئر ایگزیکٹو کے کردار میں دکھائی دیے تھے، جو رواں برس کے اوائل میں ریلیز ہوئی تھی۔

—فوٹو:انڈین فیس بک
—فوٹو:انڈین فیس بک

آصف بسرا نے 'ونس اپون آ ٹائم ان ممبئی' میں اداکار عمران ہاشمی کے والد کا کردار ادا کیا تھا، انہوں نے نیشنل ایوارڈ یافتہ گجراتی فلم 'رونگ سائیڈ راجو' (2016) میں بھی کردار ادا کیا تھا۔

بھارت کی کئی شوبز شخصیات نے بھی آصف بسرا کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔

منوج باجپائی نے ٹوئٹ کیا کہ 'یہ انتہائی حیران کن ہے، لاک ڈاؤن سے پہلے ان کے ساتھ شوٹنگ کی تھی'۔

آصف بسرا سے قبل 29 ستمبر کو اداکار 2 اکشت اتکرش نے ممبئی میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی، ان سے قبل 9 ستمبر کو معروف تامل اداکارہ 26 سالہ شراونی کونڈاپلی نے جنسی ہراساں کیے جانے پر خودکشی کرلی تھی۔

شراونی کونڈاپلی سے قبل 7 اگست کو بھوجپوری فلموں کی مقبول اداکارہ 40 سالہ انوپما پھاٹک نے بھی خودکشی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی

بھوجپوری اداکارہ سے ایک دن قبل ہی ’کہانی گھر گھر کی، یہ رشتے ہیں پیار کے اور اس پیار کو کیا نام دوں‘ جیسے مقبول بھارتی ڈراموں میں کام کرنے والے 44 سالہ اداکار سمیر شرما نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

سمیر شرما سے قبل بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے بھی 14 جون کو خودکشی کی تھی۔

بھارت میں اس سے قبل بھی متعدد اداکار، گلوکار اور فیشن سے وابستہ افراد بھی خودکشیاں کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 10 ستمبر 2024
کارٹون : 9 ستمبر 2024