وسیم اکرم اور شنیرا کا تشدد کا شکار 8 سالہ بچے کی وائرل ویڈیو پر دکھ کا اظہار

اپ ڈیٹ 12 نومبر 2020
الہام نامی بچے کو چٹائیوں کی مقررہ تعداد فروخت نہ کرنے والد کی جانب سے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا— فوٹو: انسٹاگرام
الہام نامی بچے کو چٹائیوں کی مقررہ تعداد فروخت نہ کرنے والد کی جانب سے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا— فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے لیجنڈری کرکٹ اسٹار وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم کراچی کے ساحل پر گندگی کی طرف توجہ دلانے سمیت دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اور اب انہوں نے پاکستانی معاشرت میں موجود سنگین مسائل میں سے ایک کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔

دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک 8 سالہ بچے کی ویڈیو پر دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے جسے دن میں زیادہ نہ کمانے پر اپنے ہی والد کی جانب سے تشدد کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ ایک مرتبہ پھر سی ویو پر موجود کچرے پر برہم

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو کے مطابق 5 بہن بھائیوں میں سے ایک الہام کو چائلڈ لیبر کا سامنا ہے اور والد کی جانب سے بتائی گئی چٹائیوں کی تعداد فروخت نہ کرنے پر انہیں والد کی جانب سے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور کرنٹ بھی لگایا گیا۔

اس ویڈیو پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وسیم اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ٹوئٹ میں کہا کہ میری نظر میں اس کرہ ارض پر زندگی کی سب سے حقیر قسم کے وہ لوگ ہیں جو بچوں کو تکلیف دیتے ہیں اور انہیں ٹارچر کرتے ہیں۔

وسیم اکرم نے مزید کہا کہ یہ ویڈیو بالکل دل کو جھنجھوڑنے والی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کا ساحل پھر گندا ہونے پر وسیم اکرم شہریوں سے ناراض

انہوں نے کہا کہ وہ شخص جسے اس چھوٹے بچے کی حفاظت کرنی چاہیے تھی وہی وہ چیز بن گیا ہے جس سے وہ سب سے زیادہ خوفزدہ ہے، میں بہت برا محسوس کررہا ہوں۔

دوسری جانب وسیم اکرم کی اہلیہ اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن شنیرا اکرم نے بھی اس ویڈیو پر دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ہر بچہ خدا کی نعمت ہے، وہ لوگ جو ان معصوم زندگیوں کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں، وہ برائی کی خالص ترین قسم ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں