کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں 'دی ڈیموکریٹس پینل' کا کلین سوئپ

27 دسمبر 2020
یہ 'دی ڈیمو کریٹس پینل' کی مسلسل 12ویں بار کامیابی ہے — ڈان آرکائیوز
یہ 'دی ڈیمو کریٹس پینل' کی مسلسل 12ویں بار کامیابی ہے — ڈان آرکائیوز

کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں 'دی ڈیمو کریٹس پینل' نے کلین سوئپ کرلیا اور تمام 12 نشستوں پر بھرپور کامیابی حاصل کرلی۔

یہ 'دی ڈیموکریٹس پینل' کی مسلسل 12ویں انتخابات میں کامیابی ہے۔

سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ ہفتہ کو صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کراچی پریس کلب میں جاری رہی، دی ڈیموکریٹس اور یونائیٹڈ پینل نے انتخابات میں حصہ لیا۔

الیکشن 2021 کے لیے ایک ہزار 493 اراکین ووٹ کے اہل قرار دیے گئے تھے، جن میں سے ایک ہزار 185 نے حق رائے دہی میں حصہ لیا۔

جاری کردہ نتائج کے مطابق 'دی ڈیموکریٹس پینل' کے صدر کے امیدوار فاضل جمیلی 607 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ ان کے مدمقابل یونائیٹڈ پینل کے حبیب خان غوری نے 560 ووٹ حاصل کیے۔

دی ڈیموکریٹس کی جانب سے نائب صدر کی امیدوار شازیہ حسن 754 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں، جبکہ یونائیٹڈ پینل کے سعید جان بلوچ نے 393 ووٹ حاصل کیے۔

سیکریٹری کی نشست کے لیے دی ڈیموکریٹس کے محمد رضوان بھٹی 844 ووٹ لے کر کامیاب قرار دیے گئے، جبکہ یونائیٹڈ پینل کے محمد قاسم نے 308 ووٹ حا صل کیے۔

اسی طرح جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر دی ڈیموکریٹس کے محمد ثاقب صغیر 822 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ یونائیٹڈ پینل کے محمد شفیق (عمران جونیئر) 320 ووٹ حاصل کر سکے۔

دی ڈیموکریٹس پینل نے گورننگ باڈی کی تمام 7 نشستوں پر بھی اپنے مدمقابل یونائیٹڈ پینل کو کلین سوئپ کیا۔

واضح رہے کہ کراچی پریس کلب کے 1958 میں اپنے قیام سے آج تک ہر سال باقاعدگی سے انتخابات منعقد ہوتے رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں