حکومت اربوں روپے سبسڈی کی حامل ٹیکسٹائل پالیسی متعارف کرانے کیلئے تیار

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2021
حکومت اربوں روپے سبسڈی کی حامل نئی ٹیکسٹائل پالیسی متعارف کرانے کیلئے تیار ہے— فوٹو: اے ایف پی
حکومت اربوں روپے سبسڈی کی حامل نئی ٹیکسٹائل پالیسی متعارف کرانے کیلئے تیار ہے— فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: حکومت ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمد اور پیداوار کو فروغ دینے کے لیے 960 ارب روپے مالیت کی حامل نقد سبسڈی اور کم شرح پر مشتمل ایک بہترین ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی پالیسی 25-2020 کی جلد نقاب کشائی کرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مجوزہ پالیسی اس طرح کی تیسری پالیسی ہوگی جو تین منظر ناموں کا تخمینہ لگاتی ہے کہ اس اقدام سے سال 2025 کے اختتام تک ٹیکسٹائل اور کپڑوں کی برآمدات کو کم سے کم 15.7 ارب ڈالر اور زیادہ سے زیادہ 20.8 ارب ڈالر تک پہنچادیں گے۔

مزید پڑھیں: کیا پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری واقعی ترقی کر رہی ہے؟

معتبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پالیسی کے تحت مجوزہ اقدامات کے محصولات کے مضمرات کا تجزیہ کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت طلب کیا ہے، ٹیکسٹائل ڈویژن کی ایک بڑی سفارش یہ ہے کہ پانچ برآمدی شعبوں میں ٹیکس کی شرح صفر نافذ کی جائے، یہ سہولت سال 2019 میں واپس لے لی گئی تھی۔

ایف بی آر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ صفر شرح ٹیکس کے نظام کی بحالی کا معاملہ اٹھائے گا، ذرائع نے مزید کہا کہ اسٹیک ہولڈرز بھی کووڈ-19 کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اس کی بحالی چاہتے ہیں۔

ایف بی آر نے دعویٰ کیا کہ اس صنعت کی سب سے زیادہ ری فنڈ پر عملدرآمد کیا گیا ہے، پچھلے دو سالوں میں حکومت نے سابقہ ​​حکومتوں کی زیر التوا ادائیگیوں کی مد میں 9 ارب 70 کروڑ روپے ادا کیے جبکہ پچھلی دونوں حکومتوں نے صرف 68 ارب روپے ادا کیے۔

یہ پالیسی ان اقدامات سے لیس ہے جو ان مسائل سے نمٹنے میں مدد کرے گی جن کا ٹیکسٹائل کے شعبے کو کووڈ-19 کے دوران سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں سپلائی چین میں خلل پڑا ہے، اشیا کی عالمی قیمتوں کے تجارت پر اثرات مرتب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال: 5 ماہ میں ٹیکسٹائل کے سوا دیگر اشیا کی برآمدات میں کمی

مزید یہ کہ اس پالیسی کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) پر خصوصی توجہ کے ساتھ ٹیکسٹائل ویلیو چین اور ویلیو ایڈڈ سیکٹر کی ترقی میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا چاہیے تاہم مراعات صرف موجودہ صنعتوں میں کاروبار کی لاگت کو کم کرنے پر مرکوز ہیں اور برآمدات میں اضافہ کرنے یا پیداواری خطوط میں توسیع کے لیے کوئی خاص لنک تجویز نہیں کیا جاتا ہے۔

ماضی کی پالیسیاں پیداواری لائن کو وسیع کرنے کے بجائے صرف سبسڈی والی برآمدات میں اضافہ کرتی ہیں، فی الحال ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعتیں خریداروں کے طلب کو پورا کرنے کے لیے پوری صلاحیت سے کام کر رہی ہیں۔

اس پالیسی کے تحت حکومت نے اگلے پانچ سالوں کے لیے برآمدی شعبوں کو بجلی کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کی مد میں 200 ارب روپے کی سبسڈی کی تجویز پیش کی ہے، بجلی 9 سینٹ فی کلو واٹ فی گھنٹہ فراہم کی جائے گی، اسی طرح صنعت کو مراعات یافتہ شرح پر گیس کی فراہمی کے لیے 150 ارب روپے کی رقم مختص کی جائے گی۔

حکومت آئندہ پانچ سالوں کے دوران آر ایل این جی کو 6.5 فی ایم ایم بی ٹی یو اور سسٹم گیس 786 فی ایم ایم بی ٹی یو پر فراہم کرے گی، ڈرا بیک آف لوکل ٹیکس اینڈ لیوی اسکیم (ڈی ایل ٹی ایل) کی ادائیگی کے لیے 400 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے جو ملک میں برآمدات پر نقد سبسڈی ہے۔

مزید پڑھیں: اکتوبر میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 6 فیصد اضافہ، ایل پی جی کی درآمدات بڑھ گئیں

فی الحال حکومت ڈی ایل ٹی ایل کے تحت نقد سبسڈی فراہم کرتی ہے جسے گزشتہ حکومت نے شروع کیا تھا۔

اس بات کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ ایکسپورٹ فنانس اسکیم اور لانگ ٹرم فنانسنگ سہولت اسکیموں میں کوئی تبدیلی نہیں لانی ہے، برآمد کنندگان کو قلیل مدتی قرضے کی دستیابی اور طویل مدتی فنانس کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے 200 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

علی Jan 08, 2021 12:51am
ایسی سبسڈیوں نے تو پاکستانی صنعت کا جنازہ نکالا ہے۔ صنعتکار کوئی ایسی پروڈکٹ مارکیٹ میں لاتا ہی نہی جو عالمی معیار کی ہو۔ ُاسے ویسے ہی سبسڈی مل رہی ہے۔ انویشن ہے ئی نہی پاکستانی مارکیٹ اور صنعت میں۔ کیا سبسڈی پر ہماری پروڈکٹ عالمی منڈی میں مقابلہ کریں گی؟