وزیرخارجہ کا سعودی، قطری ہم منصبوں کو ٹیلیفون، کامیاب 'جی سی سی' اجلاس پر مبارکباد

اپ ڈیٹ 08 جنوری 2021
بحرین کے وزیر خارجہ  نے بھی پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا — فائل فوٹو / دفتر خارجہ
بحرین کے وزیر خارجہ نے بھی پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا — فائل فوٹو / دفتر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب، قطر اور بحرین کے ہم منصبوں سے ٹیلی فونک گفتگو میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کی جانب سے دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے آمادگی اور مثبت رویے کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کے لیے نیک شگون قرار دیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو میں دوطرفہ تعلقات، جی سی سی ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے کی جانے والی سفارتی کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے قطر اور خلیجی ممالک کے مابین تنازعات کے حل کے لیے سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا۔

انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب کو کورونا وبا کے باوجود جی سی سی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے قطر سے مکمل تعلقات بحال

شاہ محمود نے نیامے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر مسئلہ کشمیر اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف قراردادوں پر سعودی عرب کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات اور خلیجی ممالک کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے کی جانے والی سفارتی کاوشوں کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے خلیجی ممالک کے باہمی تنازعات کے حل کے لیے خلیجی ریاستوں کی جانب سے مثبت ردعمل اور سعودی شہر العلا میں جی سی سی کے کامیاب اجلاس پر قطری ہم منصب کو مبارکباد دی۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جی سی سی اجلاس 2021 کے کامیاب انعقاد کے بعد خلیجی ممالک کے مابین اعتماد اور تعاون کو فروغ ملے گا اور خطے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

مزید پڑھیں: قطر سے تنازع ختم، خلیجی ممالک کے سربراہان کی سعودی عرب آمد

ادھر بحرین کے وزیر خارجہ عبدالطیف بن راشد الزایانی نے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے خلیج میں پیشرفت کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور بحرین کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں