بچوں سے زیادتی کے موضوع پر مبنی ویب سیریز 'بے گناہ' کا ٹریلر جاری

26 جنوری 2021
ویب سیریز میں سرمد کھوسٹ، بچوں کے حقوق کے کارکن اور وکیل کا کردار ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں —فوٹو: اسکرین شاٹ
ویب سیریز میں سرمد کھوسٹ، بچوں کے حقوق کے کارکن اور وکیل کا کردار ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں —فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان کے نامور ہدایت کار و اداکار سرمد کھوسٹ اپنی فلموں میں معاشرے کے مختلف مسائل کو اجاگر کرتے نظر آتے ہیں اور اب وہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے موضوع پر بنی ویب سیریز میں اداکاری کریں گے۔

سلگ لائن فلمز نے ملک میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر مبنی اپنی آنے والی ویب سیریز 'بے گناہ' کا ٹریلر ریلیز کیا تھا۔

'بے گناہ' مِنی ویب سیریز میں معاشرے میں موجود اس برائی کا ایک مختلف پہلو دکھایا گیا ہے جس میں ایک بچے پر دوسرے بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام ہے۔

ٹریلر میں اسی موضوع پر بات چیت ہوتی دکھائی گئی ہے اور دونوں میں سے ایک بچے کی موت ہوچکی ہے۔

مزید پڑھیں: موٹروے پر رات گئے تنہا سفر کرنے کے خیال پر مبنی فلم ’اب بس‘

ویب سیریز میں سرمد کھوسٹ بچوں کے حقوق کے کارکن اور وکیل کا کردار ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ یہ معلوم کرنا، سمجھنا اور قبول کرنا مشکل اور دشوار ہوتا ہے کہ ایک بچہ دوسرے بچے کے ساتھ ایسا کرسکتا ہے۔

—فوٹو:اسکرین شاٹ
—فوٹو:اسکرین شاٹ

اسی ٹریلر میں ایک کردار کو کہتے ہوئے سنا گیا کہ 'بچے معصوم ہوتے ہیں اور ان میں انسانیت سب سے زیادہ ہوتی ہے'، جبکہ ایک اور کردار کو کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ 'مجھے سمجھ نہیں آتا کہ ایک بچہ کیسے دوسرے بچے پر جنسی حملہ کرنے کا سوچ سکتا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: ریپ کے واقعے پر مبنی مختصر فلم 'بلیو -دی کلائیڈو اسکوپ'

مِنی ویب سیریز کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ کے علاوہ ایمان شاہد، شہرزادے نور پیرزادہ، روزینہ خان، عبداللہ، انس احمد اور دیگر شامل ہیں۔

'بے گناہ' ویب سیریز سلف لائن فلم، گروپ ڈیولپمنٹ پاکستان اور حکومت پاکستان کی وزارت قانون و انصاف کے اشتراک سے بنائی جارہی ہے۔

اس فلم کی ہدایات سکندر-ونسنٹ خان اور شہریار علی نے دی ہیں جبکہ کہانی ایلیا راٹھور اور ایزا راٹھور نے لکھی ہے۔

اس منی ویب سیریز کا مقصد بچوں کے حقوق اور ان سے انصاف کا تحفظ کرنا ہے جسے یکم فروری کو یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں