عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد 'فنٹاسٹک بیسٹس' کی پروڈکشن روک دی گئی

اپ ڈیٹ 05 فروری 2021
فنٹاسٹک بیسٹس کی آنے والی فلم جولائی 2022 میں ریلیز ہوگی—فائل فوٹو:رائٹرز
فنٹاسٹک بیسٹس کی آنے والی فلم جولائی 2022 میں ریلیز ہوگی—فائل فوٹو:رائٹرز

وارنر بردارز کی فلم 'فنٹاسٹک بیسٹس' کی پروڈکشن ٹیم کے ایک رکن میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد فلم پروڈکشن روک دی گئی۔

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ستمبر میں اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہوا تھا۔

دی ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق لندن کے باہر لیوز ڈین میں واقع اسٹوڈیوز وبا کے باعث بند ہونے کی وجہ سے مارچ 2020 میں شوٹنگ شروع نہیں ہوسکی تھی۔

مزید پڑھیں: فنٹاسٹک بیسٹس نے ناقدین پر بھی جادو کردیا

وارنر بردارز پکچرز کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ 'فنٹاسٹک بیسٹس 3 کی ٹیم کے ایک رکن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے'۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ تشخیص، پروڈکشن کے تمام ملازمین کے لیے ضروری قرار دیے گئے ٹیسٹ کے نتیجے میں ہوئی اور وہ فرد اب آئسولیشن میں ہے۔

مزید کہا گیا کہ احتیاط کے طور پر فنٹاسٹک بیسٹس 3 کی پروڈکشن روک دی گئی ہے اور احتیاطی تدابیر کے مطابق یہ دوبارہ شروع ہوگی۔

تاہم بیان میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے فرد سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: جے کے رولنگ کی واپسی

خیال رہے کہ 'فنٹاسٹک بیسٹس' فلمز میں 'ہیری پوٹر' کے دور سے 70 برس قبل کا زمانہ دکھایا گیا ہے اور اس میں مصنفہ جے کے رولنگ کے کرداروں جیسا کہ البس ڈمبل ڈور کو نوجوان دکھایا گیا ہے، جو جوڈ لا نے ادا کیا ہے۔

'فنٹاسٹک بیسٹس' کی آنے والی فلم جولائی 2022 میں ریلیز ہوگی، اس فلم میں میڈز میکلسن کو جادوگر گیلرٹ گرنڈلوالڈ کا روپ دھارتے دکھایا گیا ہے جسے اصل میں جونی ڈیپ نے ادا کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس برطانوی اخبار کے خلاف ہرجانے کے کیس میں ناکامی کے بعد انہیں اس فرنچائز سے علیحدہ ہونے کا کہا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں