دوسرا ٹیسٹ: افغانستان کی زمبابوے کے خلاف پوزیشن مستحکم

13 مارچ 2021
راشد خان کی تباہ کن باؤلنگ کا سلسلہ دوسرے اننگز میں بھی جاری ہے — فوٹو: بشکریہ کرک انفو
راشد خان کی تباہ کن باؤلنگ کا سلسلہ دوسرے اننگز میں بھی جاری ہے — فوٹو: بشکریہ کرک انفو

دوسرے ٹیسٹ میچ میں افغانستان نے پہلی اننگز میں بڑا اسکور کرنے کے بعد باؤلنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے زمبابوے کے خلاف پوزیشن مستحکم کر لی۔

ابوظبی میں کھیلے جارہے میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر زمبابوے نے دوسری اننگز میں 266 رنز بنا کر 8 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

تاہم فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں بھی اس کی 7 وکٹیں گر چکی ہیں۔

کپتان سین ولیمز 106 اور ڈونلڈ ٹریپانو 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں اور زمبابوے کو شکست سے بچانے کے لیے دونوں کو میچ کے آخری روز بھی ذمہ دارانہ بلے بازی جاری رکھنی ہوگی۔

ان دونوں کے علاوہ زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا اور 142 کے مجموعے پر ہی اس کی ساتویں وکٹ گر چکی تھی۔

راشد خان کی تباہ کن باؤلنگ کا سلسلہ دوسرے اننگز میں بھی جاری ہے اور وہ 5 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغان کرکٹ ٹیم کا گمنامی سے شہرت کی بلندیوں تک کا سفر

قبل ازیں افغانستان کے 545 رنز کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 287 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔

پہلی اننگز میں سکندر رضا ٹاپ اسکورر تھے جنہوں نے 85 رنز بنائے جبکہ پرنس مساورے 65 کی شاندار اننگز کھیل کر دوسرے نمایاں بلے باز تھے۔

ان کے علاوہ کیون کاسوزا اور تریسائی موساکانڈا کے 41، 41 اور ریجِس چکابوا کے 33 رنز بھی ٹیم کو فالو آن سے بچا نہیں سکے تھے۔

افغانستان کے راشد خان نے اپنی گھومتی گیندوں سے مخالف ٹیم کے 4 کھلاڑیوں کو چِت کیا، امیر حمزہ نے 3 اور سید شیرزاد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

افغانستان نے پہلی اننگز میں رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا تھا اور 4 وکٹوں کے نقصان پر 545 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر کے زمبابوے کو نفسیاتی شکست سے دوچار کردیا تھا۔

اس اننگز میں حشمت اللہ شاہدی کی ڈبل سنچری اور کپتان اصغر خان کے 164 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں