ایوان بالا میں کورونا ویکسین مفت یا اصل قیمت پر فراہمی سے متعلق قرارداد اکثریت رائے سے منظور کرلی گئی۔

اجلاس میں سینیٹر مرتضی وہاب کی جانب سے کورونا کی صورتحال اور وائرس سے بچاؤ کی ویکسین سے متعلق قرارداد ایوان میں پیش کی گئی۔

قرار داد میں کہا گیا تھا کہ تمام ممالک میں شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے، اکثر ممالک میں ویکسینیشن مفت ہے-جبکہ پاکستان میں بہت مہنگی ہے۔

قرار داد کے مطابق پاکستان نے ویکسین منگوانے کے لیے پرائیویٹ کمپنی کو ٹھیکا دیا گیا، پاکستان میں ویکسین کی قیمت 8 ہزار 4 سو روپے ہے جبکہ دیگر ممالک میں ویکسین 1500 روپے میں دستیاب ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ آئین کے آرٹیکل 38 کی خلاف ورزی ہے، آرٹیکل 38 میں واضح ہے کہ ریاست اپنے شہریوں کو بنیادی حقوق فراہم کرے، حکومت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیئے، حکومت عوام کے لیے مفت یا عالمی منڈی کے مطابق اصل قیمت پر ویکسین فراہمی کو یقینی بنائے ۔

قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت عوام کو ٹیکے لگانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، ملک میں صرف بزرگ اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ٹیکے لگانے کو ترجیح دی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں