مڈل آرڈر کی ناکامی سے نالاں شاہد آفریدی کی قومی ٹیم مینجمنٹ کو تجویز

16 اپريل 2021
شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ سے قبل مڈل آرڈر کے مسائل دور کرنے کی تجویز پیش کی— فائل فوٹو: اے ایف پی
شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ سے قبل مڈل آرڈر کے مسائل دور کرنے کی تجویز پیش کی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے سابق شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز میں فتح پر مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ٹی20 ورلڈ کپ سے مڈل آرڈر بیٹنگ کی خامیوں پر نظرثانی تجویز بھی پیش کردی۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹی20 میچ میں شکست دے کر ون ڈے سیریز کے بعد ٹی20 سیریز بھی 1-3 سے جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا اور دورہ جنوبی افریقہ کا کامیابی سے اختتام کیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے کامیاب، سیریز بھی 1-3 سے جیت لی

سیریز میں فتح پر قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے گرین شرٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کو سیریز میں فتح مبارک ہو لیکن اس کامیابی کے باوجود ہمیں اپنی مڈل آرڈر کی کارکردگی کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری مڈل آرڈر ایک عرصے سے جدوجہد کررہی ہے لہٰذا ہمیں ایک مرتبہ پھر شعیب ملک کی شمولیت پر غور کرنا چاہیے کیونکہ اس سال ٹی20 ٹی20 ورلڈ کپ بھی ہے۔

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے بازوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو یہ شاہد آفریدی کی یہ تجویز غلط معلوم نہیں ہوتی کیونکہ کھلاڑی مستقل ناکامی سے دوچار ہوتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کی مڈل آرڈر ایک عرصے سے جدوجہد کررہی ہے اور متعدد کھلاڑیوں کو آزمانے کے باوجود ابھی تک قومی ٹیم کو کوئی بھی مستند بلے باز میسر نہیں آ سکا۔

پاکستان نے حالیہ عرصے میں شعیب ملک اور سرفراز احمد کے جانے کے بعد مڈل آرڈر میں خوشدل شاہ، افتخار احمد، آصف علی، حسین طلعت اور حیدر علی سمیت متعدد کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کیے لیکن کوئی بھی کھلاڑی مستقل مزاجی سے کارکردگی نہ دکھا سکا۔

ٹاپ آرڈر بلے باز مستقل اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم کی لاج رکھ رہے ہیں لیکن ٹاپ آرڈر کی ناکامی کی صورت میں محمد حفیظ کے سوا تمام کھلاڑی ناکام رہے اور مڈل آرڈر زمین بوس ہو جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم اور پاکستان نے کئی ریکارڈز پاش پاش کردیے

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں بھی ٹاپ آرڈر پرفارم نہ کر سکی تو قومی ٹیم بمشکل 140 رنز بنا سکی تھی اور شکست اس کا مقدر ٹھہری۔

اسی طرح آج چوتھے ٹی20 میچ میں فخر زمان نے جارحانہ بیٹنگ اور بابر اعظم کے ساتھ عمدہ شراکت قائم کر کے قومی ٹیم کے لیے آسان فتح کی راہ ہموار کی تھی لیکن مڈل آرڈر بلے باز اس سے فائدہ اٹھانے میں مکمل ناکام رہے اور قومی ٹیم بمشکل ایک گیند قبل تین وکٹوں سے فتح حاصل کر سکی۔

دورہ جنوبی افریقہ کے بعد اب قومی ٹیم زمبابوے کا دورہ کرے گی جہاں وہ تین ٹی20 اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Rizwan Ali Soomro Apr 17, 2021 04:18am
Shoaib ki performance kon si aachi ha