امریکی راک بینڈ کے گلوکار مارک ہوپس کا کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کا انکشاف

اپ ڈیٹ 24 جون 2021
گلوکار نے ایک پوسٹ میں اپنے مداحوں کو اس مرض میں مبتلا ہونے سے متعلق بتایا—فوٹو: رائٹرز
گلوکار نے ایک پوسٹ میں اپنے مداحوں کو اس مرض میں مبتلا ہونے سے متعلق بتایا—فوٹو: رائٹرز

امریکی راک بینڈ بلنک-182 کے گلوکار مارک ہوپس نے حال ہی میں کینسر کے عارضے میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ گزشتہ 3 ماہ سے ان کا علاج جاری ہے۔

مارک ہوپس نے لکھا کہ 'مجھے اس بیماری سے خوف آتا ہے'۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں اپنے مداحوں کو اس مرض میں مبتلا ہونے سے متعلق بتایا۔

مارک ہوپس نے لکھا کہ 'گزشتہ 3 ماہ سے میری کیموتھراپی ہورہی ہے، مجھے کینسر ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'مجھے اس سے خوف آتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی میرے پاس بہترین ڈاکٹرز، فیملی اور دوست ہیں جو مجھے اس سے صحتیاب ہونے میں مدد کررہے ہیں'۔

گلوکار نے مزید لکھا کہ 'میرا علاج اگلے کئی ماہ تک جاری رہے گا لیکن میں پُرامید اور مثبت رہنے کی کوشش کررہا ہوں'۔

مارک ہوپس نے لکھا کہ 'میں کینسر سے صحتیاب ہونے اور مستقبل قریب میں آپ سب کو کنسرٹ میں دیکھنے کا منتظر ہوں، میں آپ سب (مداحوں) سے محبت کرتا ہوں'۔

بعدازاں انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں اپنے پلے اسٹیشن 5 کے ساتھ 'کینسر کے علاج کے لیے' تیار دیکھا جاسکتا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مارک ہوپس کے بینڈ کے سابق ساتھی ٹام ڈی لانگ نے بتایا کہ وہ اپنے دوست کی بیماری سے آگاہ تھے۔

ٹام ڈی لانگ نے لکھا کہ 'میں بھی یہ کہنا چاہوں گا کہ وہ مضبوط ہیں اور ایک سپر-ہیومن ہیں جو اس مشکل رکاوٹ کا مقابلہ بڑے دل سے کررہے ہیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں