بھارت: ڈھائی ہزار افراد کو کورونا کی جعلی ویکسین لگادی گئی

26 جون 2021
کولکتہ میں جن افراد کو جعلی ویکسینز لگائی گئیں ان میں سے چند معذور تھے — فائل فوٹو / اے پی
کولکتہ میں جن افراد کو جعلی ویکسینز لگائی گئیں ان میں سے چند معذور تھے — فائل فوٹو / اے پی

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ممبئی میں تقریباً 2 ہزار اور کولکتہ میں 500 افراد کو کورونا کی جعلی ویکسینز لگائی گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق کولکتہ میں جن افراد کو جعلی ویکسینز لگائی گئیں ان میں سے چند معذور تھے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے مفت میں ویکسین لگانے کے آغاز کے بعد سے رواں ہفتے ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

حکومت کی طرف سے ویکسین مفت لگانے کا اعلان اپریل اور مئی میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے نتیجے میں تباہ کن صورتحال پیدا ہونے کے بعد سامنے آیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ویکسین لگانے پر برگر کی خریداری سے لے کر پروازوں کے کرایوں تک رعایت

ممبئی پولیس نے کہا کہ تقریباً 2 ہزار افراد کو کورونا ویکسین کا کہہ کر نمکین پانی کا انجیکشن لگا دیا گیا۔

پولیس نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملک کے معاشی حب میں دھوکا دینے والے نجی ہسپتال کے دو ڈاکٹروں سمیت 10 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

جعلی ویکسین لگانے کے ایک کیس میں ملزمان ایک ہاؤسنگ کمپلیکس میں رہاؤشیوں کو دھوکا دے رہے تھے۔

امن و امان ڈویژن کے جوائنٹ کمشنر وِشواس پٹیل نے کہا کہ 'پھر ہمیں معلوم ہوا کہ اس گروپ کے مزید 8 کیمپس چل رہے ہیں'۔

پولیس نے ملزمان سے 12 کروڑ 40 لاکھ روپے برآمد کیے جو 'دھوکہ دہی' سے حاصل کیے گئے تھے۔

دوسری جانب پولیس نے کولکتہ میں جنیات میں ماسٹرز ڈگری حاصل کر رکھنے اور خود کو سرکاری ملازم ظاہر کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا، جو 8 جعلی ویکسی نیشن کمیپس چلا رہا تھا۔

پولیس نے کہا کہ تقریباً 250 معذور اور خواجہ سرا افراد کو ایک مقام پر جعلی ویکسین لگائی گئی اور شہر میں مجموعی طور پر لگ بھگ 500 افراد کو ویکسین کے نام پر دھوکا دیا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارت: ویکسین کی پہلی خوراک پر 52 افراد میں طبی پیچیدگیوں کا انکشاف

کولکتہ کے عہدیدار آتِن گھوش نے کہا کہ جعلی ویکسین کی شیشے کی بوتلوں پر ایسٹرازینیکا کا لیبل لگایا گیا تھا، جسے بھارت میں کووی شیلڈ کے نام سے برانڈ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کووی شیلڈ کا لیبل، امائکاسِن سَلفیٹ اینٹی بائیوٹک کی بوتل پر چڑھایا گیا ہے جو پیشاب کے راستے، ہڈیوں، دماغ، پھیپھڑوں اور خون میں بیکٹیریل انفیکشنز کے علاج میں استعمال ہوتی ہے'۔

اس جعلسازی کی نشاندہی اس وقت ہوئی جب اداکارہ و سیاستدان مِمی چکرابورتھی نے، جنہوں نے آگاہی کے لیے ایک کیمپ میں ویکسین کی خوراک لگوائی، شبہ ہونے پر پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس نے ملزمان سے جعلی شناختی کارڈز بھی قبضے میں لے لیے۔

کولکتہ کے صحت کے عہدیدار دیباشیس باروئی نے کہا کہ جعلی ویکسین لگوانے والوں میں کئی اس کے ممکنہ منفی اثرات کو لے کر 'خوفزدہ' ہیں۔


یہ خبر 26 جون 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں