’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کی ریلیز اکتوبر 2021 تک ملتوی

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2021
نو ٹائم ٹو ڈائے کو 8 اکتوبر 2021 کو ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
نو ٹائم ٹو ڈائے کو 8 اکتوبر 2021 کو ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

دسمبر 2019 سے چین سے شروع ہونے والی کورونا وائرس کی وبا کے باعث اگرچہ ہولی وڈ کی آنے والی شہرہ آفاق فلم ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کی نمائش تین بار مؤخر کی گئی تھی مگر اب ایک بار پھر مذکورہ فلم کی ریلیز مؤخر کردی گئی۔

’جیمز بانڈ‘ کی آنے والی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو ابتدائی طور پر اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اس کی نمائش ملتوی کی گئی تھی۔

بعد ازاں ٹیم نے فلم کو اکتوبر 2020 میں ریلیز کرنے کی اُمید ظاہر کی تھی مگر پھر اسے نومبر 2020 تک مؤخر کیا گیا تھا۔

لیکن نومبر میں بھی اس کی ریلیز نہ ہوسکی تو اسے اپریل 2021 میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اگرچہ ’جیمز بانڈ‘ کی طرح دیگر فلموں کی ریلیز بھی مؤخر یا ملتوی ہوتی رہی تاہم بعد ازاں کئی میگا بجٹ فلموں کو آن لائن ریلیز کیا گیا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ ’جیمز بانڈ‘ کو بھی آن لائن ریلیز کیا جائے گا۔

تاہم اب فلم کی ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ فلم کو اپریل کے بجائے اکتوبر 2021 میں ریلیز کیا جائے گا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر اکتوبر تک بھی سینما تھیٹرز نہ کھلے تو فلم کی ریلیز مزید وقت کے لیے مؤخر کی جا سکتی ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق جیمز بانڈ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر فلم کو 8 اکتوبر 2021 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اے پی نے فلم پروڈکشن کمپنی کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی طور پر فلم کو جون 2021 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر بعض عہدیداران نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس وقت تک کورونا کی وجہ سے نافذ پابندیاں ممکنہ طور پر نہ ہٹ پائیں گی، اس لیے فلم کو مزید وقت کے لیے مؤخر کیا جائے۔

اس وقت امریکا سے لے کر برطانیہ، یورپ سے لے کر ایشیا کے زیادہ تر ممالک میں سینما تھیٹرز بند ہیں جب کہ دیگر معمولات زندگی پر بھی پابندیاں عائد ہیں، جس کی وجہ سے پروڈکشن کمپنیاں فلموں کو ریلیز نہیں کر رہیں۔

’جیمز بانڈ‘ کی آنے والی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ سیریز کی آخری فلم ہے، جس کے ٹریلرز 2019 میں ہی سامنے آچکے تھے۔

فلم میں ممکنہ طور پر ڈینیئل کریگ آخری بار جیمز بانڈ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: اے پی
فلم میں ممکنہ طور پر ڈینیئل کریگ آخری بار جیمز بانڈ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: اے پی

دسمبر 2019 میں جاری کیے گئے ٹریلر میں ایک بار پھر اور شاید آخری بار برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ کو جاسوس کا مرکزی کردار نبھاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ٹریلر میں ان کے ساتھ ہی اگلے جاسوس کا کردار نبھانے والی اداکارہ لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا تھا۔

ٹریلر میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ یعنی ڈینیئل کریگ کو خطرناک مشن کو مکمل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا، ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار شائقین فلم میں سائنس فکشن فلموں جیسی کاریں اور موٹر سائکلیں بھی فلم میں دیکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خوف، ’جیمز بانڈ‘ کی ریلیز مؤخر

جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم کی کہانی کی دلچسپت بات یہ ہے کہ اس بار جاسوس جیمز بانڈ کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے سے تعلق رکھنے والے ایک دوست سے مدد مانگتے ہوئے دکھایا جائے گا جب کہ اس بار جیمز بانڈ کے کردار کو فلم میں ریٹائر ہوکر عام زندگی کی طرف لوٹتے ہوئے بھی دکھایا جائے گا۔

‘نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں جاسوس کو اغوا ہونے والے ایک سائنسدان کو تلاش کرتے ہوئے دکھایا جائے گا اور اس موقع پر انہیں کئی خطرناک لوگوں اور نئی ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نئی فلم کے ٹریلر میں اگلی فلم کی جاسوس اداکارہ کو بھی دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
نئی فلم کے ٹریلر میں اگلی فلم کی جاسوس اداکارہ کو بھی دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

فلم کی کہانی کے مطابق آخر میں مشن کی کامیابی کے بعد جیمز بانڈ ریٹائرڈ ہوجائیں گے، جس کے بعد ان کی ذمہ داریاں ممکنہ طور پر ایک خاتون کو دی جائیں گی جو سیریز کی اگلی فلم میں جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

رپورٹس ہیں کہ جیمز بانڈ کی اگلی فلم میں جیمز بانڈ کا کردار ایک خاتون نبھائیں گی اور اس 25 ویں فلم میں اس خاتون یعنی لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا ہے جو جیمز بانڈ کا ساتھ دیتی دکھائی دیتی ہیں۔

جیمز بانڈ کی اگلی یعنی 26 ویں فلم وہ پہلی فلم ہوگی جس میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ کا کردار کوئی خاتون یعنی لشانا لائنچ ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں