روسی صدر کا انتخابات سے قبل پولیس، فوج کو نقد رقم کی ادائیگی کا حکم

اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2021
اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور آمدنی میں کمی کے باعث یونائیٹڈ رشیا کی مقبولیت شدید متاثر ہوئی ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور آمدنی میں کمی کے باعث یونائیٹڈ رشیا کی مقبولیت شدید متاثر ہوئی ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

روسی صدر ولادی میر پوٹن نے آئندہ ماہ پارلیمانی انتخابات سے قبل اپنی غیر معروف جماعت یونائیٹد رشیا کی حمایت کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور آرمی کے عملے کو 200 ڈالر دینے کا حکم دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ ادائیگی پہلے پنشن لینے والے افراد کو 135 ڈالر نقد رقم کی ستمبر میں ہونے والے ایوان زیریں کے ڈوما الیکشن سے قبل ادائیگی کی پیروی میں کی جائے گی، اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور آمدنی میں کمی کے باعث یونائیٹڈ رشیا کی مقبولیت شدید متاثر ہوئی ہے۔

روس کے قانونی معلومات کے پورٹل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ولادی میر پیوٹن نے فوجیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو ان کے 'سماجی تحفظ' کے لیے ایک مرتبہ 15 ہزار روبلز یعنی (200 ڈالر) نقد ادائیگی کے احکامات پر دستخط کیے۔

یہ بھی پڑھیں: روس میں ملک گیر مظاہرے: ایک اور اپوزیشن لیڈر گرفتار

اگرچہ روس کی جانب سے یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ کتنے لوگ رقم وصول کریں گے لیکن سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 4 کروڑ 20 لاکھ پنشنرز اور فوج، پولیس اور نیشنل گارڈ کے 17 لاکھ اہلکار ہیں۔

خبر ایجنسی 'انٹرفیکس' نے قانون ساز اینڈری ماکاروف، جو روس کے ایوان زیریں کی بجٹ کمیٹی کے سربراہ ہیں، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر 5 کھرب روبلز یعنی 6 ارب 80 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کورونا کے سبب روسی فوج کے بجٹ میں کٹوتی کی تجویز

رقم کی ادائیگی کا حکم ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روسی حکام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے چیلنج کا سامنا ہے۔

ولادی میر پوٹن اپنی حکومت کو سال 2020 کے اختتام سے اب تک کئی مرتبہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کا حکم دے چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں