جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2021
ڈیل اسٹین پانچ روزہ ٹیسٹ میچ سے سال 2019 میں ریٹائر ہوگئے تھے — فائل فوٹو:اے ایف پی
ڈیل اسٹین پانچ روزہ ٹیسٹ میچ سے سال 2019 میں ریٹائر ہوگئے تھے — فائل فوٹو:اے ایف پی

ڈیل اسٹین نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، ان کا 20 سالہ کریئر اختتام کو پہنچا جس میں وہ ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے اور ملک کے بہترین فاسٹ باؤلر رہے۔

ڈیل اسٹین سال 2019 میں پانچ روزہ ٹیسٹ میچ سے ریٹائر ہوگئے تھے لیکن وہ محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے دستیاب تھے اور اُمید ظاہر کی تھی وہ رواں سال کے آخر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلیں گے حالانکہ وہ گزشتہ سال فروری سے ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق ڈیل اسٹین سے متعلق یہ تاثر رہا ہے کہ وہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں وکٹیں لے سکتے ہیں، ان کی رفتار، درستی اور دونوں طرف گھومتی گیند کرانے کی صلاحیت ان کے اہم ہتھیار تھے۔

مزید پڑھیں: کامیاب ترین جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر اسٹین ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

ڈیل اسٹین نے اپنے بیان میں کہا کہ 'یہ تربیت، میچز، سفر، جیت، ہار، ہوائی سفر کے باعث نیند میں خلل، خوشی اور بھائی چارے کے 20 سال تھے، آج میں قانونی طور پر اس کھیل سے ریٹائر ہو رہا ہوں جس سے مجھے بے حد محبت ہے، یہ ایک تلخ حقیقت ہے لیکن میں مشکور ہوں'۔

انہوں نے اپنے کریئر میں 699 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کیں، جس میں جنوبی افریقہ کے لیے ٹیسٹ میچز میں 439 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی شامل ہے، ڈیل اسٹین کو ان کے وقت کے بہترین فاسٹ باؤلرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، ان کے پاس تیز رفتار ہونے کے ساتھ دونوں سمتوں میں بال سوئنگ کرنے کی صلاحیت بھی تھی۔

ڈیل اسٹین اپنے کریئر میں مزید وکٹیں حاصل کر سکتے تھے لیکن انجریز بالخصوص کندھے میں انجری کے مسئلے نے انہیں 2015 کے بعد صرف 11 ٹیسٹ میچوں تک محدود کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیل اسٹین چھ ماہ کیلئے کرکٹ کے میدانوں سے باہر

وہ 2012 میں ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کا اہم حصہ تھے۔

کچھ سابق اور موجودہ کرکٹرز نے ٹوئٹر پر فاسٹ باؤلر کو ان کے دو دہائیوں پر محیط شاندار کریئر پر مبارک باد پیش کی۔

سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے ڈیل اسٹین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم آپ کے زبردست باؤلر ہونے کے شاہد ہیں، جس کی باؤلنگ اگلی نسلوں کو متاثر کرے گی'۔

نیوزی لینڈ کے جیمی نیشام نے بھی ڈیل اسٹین کو ان کے 'شاندار کریئر' پر مبارک باد پیش کی۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹوئٹ میں فاسٹ باؤلر کے ساتھ بہترین یادیں تازہ کیں۔

آسٹریلین فاسٹ باؤلر پیٹ کمنز نے ڈیل اسٹین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 'انہوں نے 20 سالوں میں دنیا بھر کے فاسٹ باؤلرز کے لیے معیار قائم کیا ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں