بین الاقوامی ایوارڈ جیتنے پر آرٹس کونسل میں مسعود اے خان کے اعزاز میں تقریب

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2021
جنوبی کوریا میں 'پیس اگین' کے عنوان سے ایک نمائش ہوئی تھی جس میں 61 ممالک کے 283 فنکاروں نے حصہ لیا تھا—فوٹو: آرٹس کونسل
جنوبی کوریا میں 'پیس اگین' کے عنوان سے ایک نمائش ہوئی تھی جس میں 61 ممالک کے 283 فنکاروں نے حصہ لیا تھا—فوٹو: آرٹس کونسل

کراچی: آرٹس کونسل میں ممتاز مصور مسعود اے خان کو جنوبی کوریا کے ہیگم گینگ تھیم میوزیم میں 'آنر ایوارڈ' دیے جانے پر ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممتاز مصنف اور مصور انور مقصود نے کہا کہ مسعود اے خان کی تصاویر دیکھنے والوں سے بات کرتی ہیں، آپ ان کی پینٹنگز کے سامنے اکیلے کھڑے ہوں اور اس میں استعمال کیے جانے والے رنگوں کو دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ واٹر کلر کا میڈیم نہایت مشکل ہے، جسے سنبھالنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں، مسعود اے خان محبت و انسانیت سے اپنے فن پارے کی تخلیق کرتے ہیں۔

انور مقصود نے کہا کہ وہ مسعود اے خان کے فن پاروں کی نمائش کے پہلے دن کبھی نہیں جاتے، اس کے بجائے وہ دوسرے دن کی صبح جاتے ہیں جب آس پاس کوئی نہیں ہوتا۔

مزید پڑھیں: آرٹس کونسل کراچی میں 13ویں عالمی اردو کانفرنس کا آغاز

انہوں نے کہا کہ جب آپ خود نمائش دیکھتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آپ راگ بھاگیشری کو سن رہے ہیں، ہر تصویر سے موسیقی کی تان نکلتی ہے، وہ بادشاہ ہیں۔

انور مقصود نے کہا کہ جو راستہ انہوں نے اپنے لیے چنا ہے اس کی منزل نہیں ہے، وہ بہت ترقی کریں گے، یہ ہمارے ملک کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے کہ کوریا میں ایک نمائش میں 283 مصوروں کے درمیان انہیں ایوارڈ ملا ہے، یہ ہم سب کے لیے ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کرافٹ کے فیکلٹی ممبر نے بین الاقوامی اعزاز جیتا ہے۔

انہوں نے میوزک اور تھیٹر کے لیے مسعود اے خان کی کوششوں کو سراہا، احمد شاہ نے کہا کہ اب پاکستان کے مصوروں کے فن پارے پوری دنیا میں تسلیم کیے جاتے ہیں۔

مسعود اے خان نے کہا کہ وہ بنگال (بنگلہ دیش) کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سقوط ڈھاکہ دیکھا، ڈھائی سال تک میں بھارتی کیمپ میں جنگی قیدی رہا پھر میں کراچی آیا اور اب میں آپ کے سامنے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: آرٹس کونسل کراچی میں ممبران کی کورونا ویکسینیشن کا سلسلہ جاری

انہوں نے متعلقہ حکام سے آرٹ میوزیم بنانے کی اپیل بھی کی۔

شاہد رستم نے کہا کہ منگل کو منعقد ہونے والا پروگرام مختلف تھا کیونکہ عموماً دنیا سے جانے کے بعد اکثر افراد کی کامیابیوں کو تسلیم کیا جاتا ہے لیکن انہوں نے ایک ساتھی (مسعود اے خان) کی کامیابی کے اعزاز میں تقریب منعقد کرکے اس رجحان کو ختم کیا۔

انہوں نے شرکا کو بتایا کہ حال ہی میں جنوبی کوریا میں 'پیس اگین' کے عنوان سے ایک نمائش ہوئی تھی جس میں 61 ممالک کے 283 فنکاروں نے حصہ لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں