وزیراعظم کی زلزلہ متاثرین کو ہنگامی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2021
وزیراعظم نے زلزلے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردری بھی کیا—تصویر: فیس بک
وزیراعظم نے زلزلے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردری بھی کیا—تصویر: فیس بک

وزیراعظم عمران خان نے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور موجودہ صورتحال کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی۔

وزیر اعظم نے تمام متعلقہ وفاقی اداروں کو ریلیف کی فراہمی میں حکومتِ بلوچستان کو تمام ممکنہ معاونت اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں 5.9 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق

خیال رہے بدھ اور جمعرات کی شب بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور ضلع ہرنائی اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

رات گئے آنے والی اس قدرتی آفت کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے۔

زلزلے سے سرکاری عمارتوں سمیت متعدد رہائشی و تجارتی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ 100 سے زائد کچے مکانات بالکل منہدم ہوگئے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں وزیر اعظم نے متاثرین کے نقصانات کے بروقت ازالے کے لیے فوری تخمینہ لگانے کا حکم دیا۔

ساتھ ہی انہوں نے زلزلے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردری بھی کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ہرنائی بلوچستان زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ صوبائی اور قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز متاثرین کو فوری امداد فراہم کریں گی

دوسری جانب زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اہم شخصیات کی جانب سے اظہار افسوس و تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھی ایک ٹوئٹ میں بلوچستان میں گزشتہ رات آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری دلی تعزیت اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے حکام پر زور دیا کہ متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی ایک بیان میں ہرنائی زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ ہرنائی اور گرد و نواح میں امدادی کام جاری ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سول آرمڈ فورسز زلزلہ متاثرین کی مدد میں مقامی انتظامیہ کی مدد کررہی ہیں اور فرنٹیر کور بلوچستان نارتھ بھی امدادی کاموں میں بھر پور حصہ لے رہی ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایک تعزیتی پیغام میں وفاقی اور صوبائی حکومت سے زخمیوں کی زندگی بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے حکام پر زور دیا کہ قدرتی آفت کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے۔

ساتھ ہی چیئرمین پی پی پی نے پارٹی کی بلوچستان قیادت کو متاثرین کی مدد کرنے کی بھی ہدایت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں