طویل القامت پاکستانی اعجاز احمد انتقال کرگئے

08 اکتوبر 2021
ان کا انتقال 42 برس کی عمر میں ہوا—فائل فوٹو: فیس بک
ان کا انتقال 42 برس کی عمر میں ہوا—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان کے طویل القامت شخص اعجاز احمد علالت کے بعد حالتِ کسمپرسی میں 42 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اعجاز احمد کا انتقال صوبہ پنجاب کے ضلع بھکر کے علاقے دریا خان میں ہوا۔

اعجاز احمد بنیادی طور پر انتہائی غربت کی وجہ سے مناسب علاج اور خوراک تک رسائی نہ ہونے کے باعث گردوں اور ہڈیوں کی خرابی سمیت متعدد عارضوں میں مبتلا تھے۔

کچھ عرصہ قبل ایک سڑک حادثے میں ان کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی اور اس کے بعد وہ دریا خان کے دور دراز علاقے میں تھلا سرین میں بستر تک محدود ہو کر رہ گئے تھے۔

ان کے اہلخانہ کا دعویٰ تھا کہ اعجاز احمد کا قد 8 فٹ 2 انچ تھا جبکہ کچھ رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ان کا قد 7 فٹ 10 انچ تھا۔

اعجاز احمد کے اہلخانہ کا دعویٰ تھا کہ ان کا قد پاکستان کے مرحول قد آور شخص عالم چنا سے ایک انچ زیادہ تھا۔

علاوہ ازیں اعجاز احمد علالت کے دوران حکومت سے امداد کی اپیل بھی کرتے رہے لیکن کوئی مالی تعاون حاصل نہ کرسکے۔

خیال رہے کہ گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق (1982 سے 1998 کے درمیان) پاکستان کے عالم چنا دنیا کے سب سے طویل القامت شخص تھے۔

اطلاعات کے مطابق موت سے پہلے عالم چنا کا قد 7 فٹ 7 انچ تھا تاہم طویل القامت اعجاز احمد کا نام گنیز ریکارڈز میں شامل نہیں ہوسکا۔

تبصرے (0) بند ہیں