آسٹریلیا میں پولیس کی کارروائی، 17 ارب روپے مالیت کی ریکارڈ مقدار میں ہیروئن ضبط

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2021
پولیس نے حراست میں لینے والے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا—فوٹو: رائٹرز
پولیس نے حراست میں لینے والے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا—فوٹو: رائٹرز

آسٹریلیا میں پولیس نے ملک میں اب تک کی سب بڑی ہیروئن کی کھیپ پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پولیس کی جانب سے پکڑی جانے والی ہیروئن کا تخمینہ 10 کروڑ 40 لاکھ ڈالر (17 ارب 80 کروڑ 48 لاکھ پاکستانی روپے) لگایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت: اربوں ڈالر مالیت کی افغان ہیروئن کی اسملنگ ناکام

پولیس نے ہیروئن کی اسمگلنگ کے الزام میں ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

علاوہ ازیں پولیس کے مطابق ملائیشیا سے بھیجے گئے سیرامک ٹائلوں کے سمندری مال بردار کنٹینر میں 450 کلو گرام ہیروئن پائی گئی۔

حکام نے حراست میں لینے والے شخص کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے اور پیش رفت سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق زیر حراست شخص پر الزام ثابت ہونے کی صورت میں زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید ہوگی لیکن اس سے قبل نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے مزید محنت کرنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ہیروئن سے بھرے بیگ کی برطانیہ سے پاکستان واپسی

آسٹریلوی فیڈرل پولیس کمشنر سدرن کمانڈ کریسی بیریٹ نے کہا کہ آسٹریلوی فیڈرل پولیس رائل ملائیشیا پولیس (آر ایم پی) کے ساتھ کام کر رہی تھی۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ہم بین الاقوامی منظم جرائم کے نیٹ ورک کی شناخت اور اس کے بے نقاب کرنے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں، جرائم پیشہ عناصر کے سدباب کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ منشیات دونوں ممالک کی نئی نسل کو نقصان پہنچا رہی ہے اور ملوث افراد مجرمانہ سرگرمیوں سے لاکھوں ڈالر کا منافع کماتے ہیں۔

پولیس کے مطابق ہیروئن قبضے میں لے کر انہوں نے 225 جانیں بچائیں ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان: بے روزگار نوجوان 'کام' کیلئے افیون کے کھیتوں کا رخ کرنے لگے

پولیس کا خیال ہے کہ آسٹریلیا میں ہر دو کلو گرام ہیروئن کے استعمال سے ایک شخص کی موت ہوجاتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں