’چوراہوں پر فوج کو ڈسکس کریں گے تو سیاست میں آپ کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا‘

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2021
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور آئندہ انتخابات کے لیے تیاری کریں گے —تصویر: ڈان نیوز
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور آئندہ انتخابات کے لیے تیاری کریں گے —تصویر: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جب آپ فوج کو اس طرح چوک و چوراہے، دھوبی گھاٹ اور موچی دروازے پر ڈسکس کریں گے تو یاد رکھنا سیاست میں بھی آپ کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا۔

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز فیصل آباد کے علاقے دھوبی گھاٹ میں ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے تناظر میں کہی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کل فیصل آباد میں مریم نواز کی تقریر سے اگر عمران خان کا نام نکال دیا جائے تو اس میں کیا تھا؟ وہ عمران خان کی الٹی گردان پڑھ رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کہہ رہی تھیں کہ نواز شریف خون کے آنسو رو رہے ہیں، پیر کو صبح وزارت کھلتی ہے تو میں اجازت دے دیتا ہوں، وہ مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں، وہ جس طرح منصوبہ بندی سے لندن گئے وہاں انہیں خون کے آنسو رونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر مہنگا کرنے کے الزام میں 88 افراد کو گرفتار کیا گیا، شیخ رشید

وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں عمران خان کی حکومت کو سوا 3 سال ہوگئے ہیں، آپ (مریم نواز) اب کوئی سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کر کے، جوڈو کراٹے کر کے اپنی سیاسی قبر کھودیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دیکھتے ہی دیکھتے حکومت کو 4 سال مکمل ہوجائیں گے اور پانچواں سال الیکشن کا ہوگا، ہر آدمی اپنے حلقے میں ہوتا ہے، اللہ کا شکر ہے ہم نے اپنے حلقے کے عوام سے جو وعدے کیے تھے وہ سب مکمل ہونے والے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں واضح طور پر کہنا چاہ رہا ہوں کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، گزشتہ دسمبر میں آپ نے کہا تھا کہ عمران خان جارہے ہیں، کہیں نہیں جارہے، عمران خان 5 سال پورے کریں گے اور آئندہ انتخابات کے لیے تیاری کریں گے جس کا فیصلہ قوم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج مہنگائی ہے، ساری دنیا میں تیل اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں جس طرح بڑھی ہیں اس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے ہیں، پوری کوشش کریں گے کہ اس پر قابو پایا جائے۔

مزید پڑھیں: تمام معاملات حل ہیں، کچھ لوگ حساس ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان قومی ہیرو تھے، عمران خان صاحب کی ہدایت پر انہیں قومی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا، ہم نے فیصل مسجد کے احاطے میں ان کی تدفین کے انتظامات کیے تھے لیکن ان کی بیٹی نے کہا کہ ان کی وصیت تھی کہ مجھے یہاں دفنایا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈالر کے معاملے میں ایکسچینج ایجنسیز کے 34 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، 4 سے 5 بڑی ایکسچینج کمپنیوں کا آڈٹ کروارہے ہیں جو نتیجہ نکلا قوم کے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر افغانستان کے حالات کی نذر ہوا ہے اور خاصی بڑی مقدار میں ڈالر افغانستان گیا ہے لیکن ایف آئی کو ہدایت کی ہے کہ سارا مسئلہ مکمل طریقے سے حل کیا جائے۔

مریم نواز کی تقریر میں ایک ادارے کا نام لیے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز کی جانب سے ادارے کا نام لینا کم عقلی ہے، یہ سیاسی ناپائیداری ہے، عمران خان حکومت نہ جانے میں ان کا بھی بہت بڑا کردار ہے اور عمران خان خوش قسمت ہے کہ اسے ایسی نالائق اپوزیشن ملی۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ مریم نواز نے پاک فوج کے عظیم ادارے کے خلاف کہا وہ ناپائیداری اور غیر دانشمندی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں