'بل گیٹس کو 2008 میں خاتون ملازم کو نازیبا ای میلز کرنے پر متنبہ کیا گیا تھا'

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2021
یہ واقعہ بل گیٹس کے کُل وقتی ملازم کی حیثیت سے ریٹائر ہونے سے چند ماہ قبل پیش آیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
یہ واقعہ بل گیٹس کے کُل وقتی ملازم کی حیثیت سے ریٹائر ہونے سے چند ماہ قبل پیش آیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص اور ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس سے متعلق انکشاف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے ماضی میں اپنی کمپنی کی خاتون ملازم کو نازیبا ای میلز کی تھیں اور اس پر 2008 میں کمپنی کی جانب سے انہیں تنبیہ بھی کی گئی تھی۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مائیکروسافٹ کے سابق سی ای او بل گیٹس کو مبینہ طور پر فرم کے 2 اعلیٰ عہدیداروں نے کمپنی کی ایک خاتون ملازم کو نازیبا ای میلز بھیجنے سے روکا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بل گیٹس نے اس وقت خاتون ملازم کو ای میلز کی تھیں جب وہ کمپنی کے سی ای او تھے اور ملینڈا گیٹس سے شادی کو ایک دہائی سے زائد کا عرصہ گزر چکا تھا۔

— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

بل گیٹس کی جانب سے سافٹ ویئر کمپنی کی ایک درمیانے درجے کی ملازم کو ای میلز بھیجی گئیں تھیں، جس کا علم بعدازاں مائیکروسافٹ کے ایگزیکٹوز کو ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: بل گیٹس پر خواتین ملازمین کو 'ہراساں' کرنے کے الزامات

انہیں اُس وقت کمپنی کے اعلیٰ سطح کے وکیل بریڈ اسمتھ اور سینئر ترین ہیومن ریسورس ایگزیکٹو لیزا برومل نے ایک اجلاس میں طلب کیا تھا۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ملاقات کے دوران، بریڈ اسمتھ اور لیزا برومل نے بل گیٹس کو بتایا تھا کہ ای میلز نامناسب ہیں اور انہیں روکنے کی ضرورت ہے۔

جس پر بل گیٹس نے مبینہ طور پر اس خاتون سے رابطہ نہ کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

امریکی اخبار کے مطابق اسمتھ اور برومل نے کمپنی کے بورڈ آف گورنرز کو ای میلز سے آگاہ کیا تھا اور بورڈ نے اس بات کا تعین کیا تھا کہ اس معاملے پر مزید کارروائی کی ضرورت نہیں۔

مائیکرو سافٹ کے ترجمان نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ کمپنی کو 2007 میں ملازمہ کو بھیجی گئی بل گیٹس کی ای میلز سے آگاہ کیا گیا تھا اور یہ واقعہ بل گیٹس کے کُل وقتی ملازم کی حیثیت سے ریٹائر ہونے سے چند ماہ قبل پیش آیا تھا۔

—فائل فوٹو:شٹراسٹاک
—فائل فوٹو:شٹراسٹاک

ترجمان فرینک شا نے بتایا کہ بل گیٹس نے خاتون کو دفتر سے باہر ملنے کی پیشکش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بل گیٹس کی ای میلز واضح طور پر جنسیت پر مبنی نہیں تھی لیکن وہ نامناسب تھیں۔

فرینک شا نے کہا کہ خاتون نے بل گیٹس کے خلاف اس واقعے کے بارے میں کبھی کوئی شکایت درج نہیں کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بل گیٹس اور ان کی اہلیہ کا 27 سالہ شادی ختم کرنے کا اعلان

بل گیٹس کے ترجمان بریجٹ آرنلڈ نے بتایا کہ 'یہ دعوے جھوٹے ہیں، یہ ان ذرائع سے ری سائیکل کی جانے والی افواہیں ہیں جنہیں اس معاملے کا براہ راست علم نہیں اور کچھ معاملات میں مفادات کے تنازعات موجود ہیں'۔

خیال رہے کہ رواں برس وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں حیران کن انکشاف کیا گیا تھا کہ بل گیٹس نے مارچ 2020 میں اپنی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اس لیے الگ ہوگئے تھے کہ ان کے خلاف جاری کمپنی کی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ ان کے ایک خاتون ملازم کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں مذکورہ معاملے سے منسلک کم از کم دو افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ مائیکرو سافٹ کمپنی کو بل گیٹس کے ایک پرانے معاشقے کی خبر 2019 میں ملی تھی، جس پر تحقیقات کی گئی تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ تحقیقات میں ثابت ہوا تھا کہ بل گیٹس کے سال 2000 میں مائیکرو سافٹ کی خاتون ملازمہ سے جنسی تعلقات تھے اور دونوں کے درمیان خوشگوار تعلقات کچھ عرصے بعد خوش اصلوبی سے ختم ہوگئے تھے۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ماضی میں بل گیٹس امریکی کاروباری شخص جیفری اپسٹن سے ملتے رہے تھے، جن پر امیر ترین افراد کو جسم فروشی کے لیے کم عمر لڑکیاں فراہم کرنے جیسے الزامات تھے اور انہوں نے 2019 میں امریکی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جیفری اپسٹن سے ملاقاتوں کی خبر سننے کے بعد ہی ملنڈا گیٹس نے شوہر سے 2019 میں ہی طلاق لینے کا فیصلہ کیا تھا اور رواں برس علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

—فائل فوٹو: رائٹرز
—فائل فوٹو: رائٹرز

تبصرے (0) بند ہیں