آئی سی سی ورلڈ کپ 2012ء سری لنکا میں منعقد کیا گیا۔ یہ کسی بھی ایشیائی ملک میں ہونے والا پہلا ٹی20 ورلڈ کپ تھا۔ اس ورلڈ کپ میں کُل 12 ٹیموں نے شرکت کی۔

اس ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے کیسا کھیل پیش کیا، آئیے جانتے ہیں۔

پہلا میچ

اس ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ناصر جمشید کی نصف سنچری کی بدولت 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز اسکور کیے۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز ہی بنا سکی۔

دوسرا میچ

قومی ٹیم نے دوسرا میچ بنگلا دیش کے خلاف کھیلا۔ اس میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر عرفات نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان نے 18.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان کی اس جیت کی اہم وجہ عمران نذیر کی 72 رنز کی شاندار اننگ بنی۔

تیسرا میچ

2012ء کے ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے تیسرا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا۔ جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز اسکور کیے۔ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور یاسر عرفات نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں قومی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔

چوتھا میچ

قومی ٹیم نے چوتھا میچ بھارت کے خلاف کھیلا۔ اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن یہ فیصلہ ٹھیک ثابت نہیں ہوا کیونکہ پوری ٹیم 19.4 اوورز میں ہی 128 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی قابلِ ذکر اننگ نہیں کھیل سکا۔

جواب میں بھارت نے یہ ہدف 17 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پانچواں میچ

ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنا پانچواں میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں ناصر جمشید کی نصف سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔

جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز ہی بناسکی۔ اس میچ میں پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور رضا حسن نے 2، 2 اور سعید اجمل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس اہم ترین میچ میں فتح کی وجہ سے قومی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

چھٹا میچ (سیمی فائنل)

2012ء کے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلا جو پہلا سیمی فائنل بھی تھا۔ اس میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز اسکور کیے۔

یہ ہدف بظاہر دیکھنے میں آسان تھا اور لگ رہا تھا کہ قومی ٹیم باآسانی تیسری مرتبہ بھی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوجائے گی مگر محمد حفیظ کی 42 رنز کی اننگ کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی قابلِ ذکر اننگز نہیں کھیل سکا۔ یوں مقررہ 20 اوورز میں قومی ٹیم 7 وکٹوں پر 123 رنز ہی بنا سکی۔ اس شکست کے ساتھ 2012ء کے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں