ٹی20 ورلڈ کپ: اسکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش نے سپر12 راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا

اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2021
عمان کے خلاف میچ میں فتح کے بعد اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑیوں کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی
عمان کے خلاف میچ میں فتح کے بعد اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑیوں کا فاتحانہ انداز— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے پہلے راؤنڈ میں اسکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش نے اپنے اپنے میچز جیت کر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پہلی مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے تینوں میچ جیت کر سپر 12 مرحلے میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

عمان کے الامارات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔

عمان کی ٹیم کو اننگز کی ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 13 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس مرحلے پر عاقب الیاس کا ساتھ دینے پر محمد ندیم آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 51 تک پہنچا دیا، عاقب 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ندیم کا ساتھ دینے کپتان ذیشان مقصود آئے تو دونوں نے مل کر مجموعے کو 79 تک پہنچا دیا، ندیم نے 21 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔

ذیشان مقصود نے 34 رنز کی اننگز کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے عمان کی ٹیم مستقل وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم 122 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جوش ڈیوی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ سفیان شریف اور مائیکل لیسک نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے اسکاٹ لینڈ کو 33 رنز کا آغاز فراہم کیا، ڈیوڈ مُنسے نے آؤٹ ہونے سے قبل 20 رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ سے کپتان کائل کوئٹزر نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور میتھیو کراس کے ساتھ 32 رنز جوڑتے ہوئے اسکور کو 75 تک پہنچا دیا، کوئٹزر نے 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔

اس کے بعد میتھیو کراس اور رچی بیرنگٹن نے مزید نقصان کے بغیر ٹیم کو 17اوور میں ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا، کراس نے 26 اور بیرنگٹن نے 31 رنز بنائے۔

اس میچ میں 8 وکٹوں سے فتح کے ساتھ ہی اسکاٹ لینڈ نے لگاتار تیسرے میچ میں فتح حاصل کر لی اور سپر 12 راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

جوش ڈیوی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بنگلہ دیش بھی کامیاب

بنگلہ دیش نے شکیب الحسن کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاپوا نیو گنی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 84 رنز سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

عمان کے الامارات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے اننگز کی دوسری گیند پر وکٹ گرنے کے باوجود 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔

کپتان محموداللہ نے 28 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے جبکہ شکیب نے 46 اور لٹن داس نے 29 رنز کی اننگز کھیلیں۔

پاپوا نیو گنی کی جانب سے کابوا موریا، ڈیمیئن موریا اور اسد والا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں فتح حاصل کرنے پر پاپوا نیو گنی کے کھلاڑی بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: رائٹرز
میچ میں فتح حاصل کرنے پر پاپوا نیو گنی کے کھلاڑی بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: رائٹرز

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی باؤلرز کے خلاف پاپوا نیو گنی کے بلے باز بالکل بے بس نظر آئے اور پوری ٹیم 97 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

ایک موقع پر پاپوا نیو گنی کی ٹیم 29 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی لیکن کپلن ڈوریگا نے 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 97 رنز تک پہنچایا۔

پاپوا نیو گنی کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز کے عوض چار وکٹیں لیں جبکہ محمد سیف الدین اور تسکین احمد نے دو، دو وکٹیں لیں۔

شکیب الحسن کو عمدہ بیٹنگ اور شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ میں 84 رنز کی فتح کی بدولت بنگلہ دیش نے لگاتار دوسری کامیابی اپنے نام کر کے سپر12 راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

تبصرے (0) بند ہیں