گوگل کا لیجنڈری اداکار معین اختر کو سالگرہ پر خراج عقیدت پیش

24 دسمبر 2021
پہلی بار گوگل نے اداکار کے لیے ڈوڈل جاری کیا—اسکرین شاٹ
پہلی بار گوگل نے اداکار کے لیے ڈوڈل جاری کیا—اسکرین شاٹ

انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی کمپنی اور سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے مرحوم لیجنڈری اداکار معین اختر کو ان کی 72 ویں سالگرہ پر ’ڈوڈل‘ کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

معین اختر 24 دسمبر 1950 کوسندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے اور وہ 22 اپریل 2011 کو دل کا دورہ پڑنے سے مداحوں سے بچھڑے۔

گوگل نے پہلی بار معین اخٹر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ’ڈوڈل‘ جاری کیا ہے، اس سے قبل سرچ انجن مختلف شوبز شخصیات کے لیے ڈوڈل کا اجرا کر چکا ہے۔

معین اختر نے کئی لازوال کردار ادا کیے—فائل فوٹو: فیس بک
معین اختر نے کئی لازوال کردار ادا کیے—فائل فوٹو: فیس بک

معین اختر نے6 ستمبر 1966 کو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر پہلا پروگرام کر کے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور دیکھتے ہی دیکھتے مقبول بن گئے۔

معین اختر کا خاندان قیام پاکستان کے بعد ہجرت کر کے کراچی میں قیام پذیر ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: معین اختر— تصویری یادوں میں

انہوں نے اپنی تمام تر تعلیم کراچی میں ہی حاصل کی، دوران تعلیم معین غیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔

ان کو انگریزی، بنگالی، سندھی، پنجابی، میمن، پشتو، گجراتی اور اردو زبان پر مکمل عبور حاصل تھا۔

وہ شوبز کی دنیا میں نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہیں، ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پرائز آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

لیجنڈری اداکار کو متعدد زبانوں پر مکمل عبور حاصل تھا—فائل فوٹو: فیس بک
لیجنڈری اداکار کو متعدد زبانوں پر مکمل عبور حاصل تھا—فائل فوٹو: فیس بک

لیجنڈری اداکار کو ’ڈوڈل‘ کے ذریعے خراج عقیدت پیش کرنے کے گوگل کے انداز کو مداحوں نے سراہتے ہوئے ڈیجیٹل خاکے کی تعریفیں بھی کیں۔

معین اختر سے قبل گوگل نے استاد نصرت فتح علی خان، بانو قدسیہ، فاطمہ ثریا بجیا، امرتا پریتم، منٹو، میڈم نورجہاں، عبدالستار ایدھی اور دیگر اہم شخصیات کو بھی ڈوڈل کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

مزید پڑھیں: معین اختر کا یوم پیدائش

گوگل نہ صرف پاکستانی بلکہ دنیا کے درجنوں ممالک کی شخصیات کو بھی ’ڈوڈل‘ کے ذریعے خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور ہر ملک کے قومی اور اہم دنوں کے موقعوں پر بھی خصوصی ’ڈوڈلز‘ کا اجرا کرتا ہے۔

گوگل نے پاکستان کے لیے 2010 سے ’ڈوڈل‘ جاری کرنا شروع کیے تھے اور پہلی بار یکم مئی 2010 کو ’یوم مزدور‘ پر گوگل نے پاکستان میں ڈوڈل جاری کیا تھا۔

گزشتہ ایک دہائی کے دوران گوگل نے ’یوم پاکستان اور جشن آزادی‘ سمیت عید اور دیگر اہم قومی دنوں کے مواقع پر بھی ڈوڈل جاری کیے جب کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اہم میچز پر بھی ڈیجیٹل خاکے جاری کیے۔

علاوہ ازیں گوگل نے شوبز، سیاسی، سماجی و صحافتی شخصیات کو بھی خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک دہائی کے دوران متعدد ’ڈوڈل‘ جاری کیے۔

لوگوں کو آج بھی معین اختر کے کردار یاد ہیں—اسکرین شاٹ
لوگوں کو آج بھی معین اختر کے کردار یاد ہیں—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں