سلمان خان کے لیے سعودی عرب کا اعلیٰ فلمی ایوارڈ

31 جنوری 2022
سلمان خان پرسنالٹی آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
سلمان خان پرسنالٹی آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کے ’دبنگ ‘ ہیرو سلمان خان کو اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب کے محکمہ ثقافت کے تحت ہونے والے فلمی ایوارڈز میلے میں اعزاز سے نواز دیا گیا۔

عرب نشریاتی ادارے ’نیشنل نیوز‘ کے مطابق سعودی عرب کی کلچر اتھارٹی کی جانب سے منعقد کیے گئے ’جوائے ایوارڈز 2022‘ کی تقریب دارالحکومت ریاض میں ہوئی، جس میں بولی وڈ اور ہولی وڈ شخصیات کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

مذکورہ ایوارڈز تقریب کے دوران زیادہ تر مشرقی وسطی اداکاروں، گلوکاروں، ڈانسرز اور پرفارمنگ آٹسٹس کو ایوارڈز سے نوازا گیا، تاہم بولی وڈ اور ہولی وڈ شخصیات کو بھی خصوصی ایوارڈز دیے گئے۔

جان ٹراوولٹا کو بھی لائیف اچیومنٹ سے نوازا گیا—فوٹو: ٹوئٹر
جان ٹراوولٹا کو بھی لائیف اچیومنٹ سے نوازا گیا—فوٹو: ٹوئٹر

ہولی وڈ کے سینیئر اداکار جان ٹراوولٹا کو لائیف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا، جنہوں نے اعزاز وصول کرتے ہوئے سعودی عرب کے نوجوان نسل کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا جب کہ ان سے محبت کا اظہار بھی کیا۔

ایوارڈز تقریب میں بھارت کے واحد اداکار سلمان خان کو ’پرسنالٹی آف دی ایئر‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ایوارڈز تقریب میں معروف عرب گلوکارہ و ڈانسر نینسی اجرم نے پرفارمنس بھی اور انہیں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

تقریب میں سعودی عرب، مصر اور مراکش سمیت دیگر عرب ممالک کے فنکاروں کو بھی ایوارڈز دیے گئے۔

’جوائے ایوارڈز‘ تقریب کے دوران سلمان خان کی جانب سے ہولی وڈ کے لیجنڈری اداکار جان ٹراوولٹا سے ملنے اور انہیں اپنا تعارف کرانے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی اور لوگوں نے کمنٹس کیے کہ وہ خود ایک سپر اسٹار ہیں مگر دوسرے اسٹار سے وہ کس قدر محبت سے ملتے ہوئے انہیں اپنا تعارف کرا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں جان ٹراوولٹا اور سلمان خان کی ایک ساتھ تقریب میں بیٹھنے کی تصاویر بھی وائرل ہوئیں اور لوگوں نے دونوں کی تعریفیں کیں۔

مذکورہ ایوارڈ سے قبل گزشتہ ماہ دسمبر میں سلمان خان نے ریاض میں اپنے پہلے میوزیکل ٹوئر ’دبنگ ٹوئر‘ میں بھی پرفارمنس کی تھی اور ان کے پروگرام میں ریکارڈ لوگوں نے شرکت کی تھی۔

دسمبر 2021 کے وسط میں سلمان خان کی پرفارمنس کی ویڈیوز اور تصاویر بھی دنیا بھر میں خوب وائرل ہوئی تھیں، جن میں کورونا کی پابندیوں کے باوجود جم غفیر کو دبنگ ہیرو کی پرفارمنس کے لیے تقریبات میں دیکھا گیا۔

سلمان خان کا شمار بھارت کے ان چند مقبول اداکاروں میں ہوتا ہے جو سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ میں نمایاں شہرت رکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں