ژالے سرحدی اور جانان حسین بھی ’پنجرہ‘ کی کاسٹ میں شامل

اپ ڈیٹ 07 فروری 2022
جانان حسین پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گی—فوٹو: انسٹاگرام
جانان حسین پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گی—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ ژالے سرحدی، جانان حسین اور عمیر رانا بھی مرحومہ ڈراما ساز اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے ’پنجرہ‘ کی کاسٹ میں شامل ہوگئے۔

اسما نبیل جولائی 2021 میں طویل عرصے تک بریسٹ کینسر کا شکار رہنے کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔

زندگی کے آخری ایام میں اسما نبیل ’پنجرہ‘ کی کہانی لکھ رہی تھیں اور اب ان کے اس ڈرامے کی شوٹنگ بھی مکمل کرلی گئی۔

’پنجرہ‘ کی کاسٹ میں شامل ژالے سرحدی نے اداکار عمیر رانا اور جانان حسین سمیت حدیقہ کیانی کے ہمراہ شوٹنگ کے سیٹ سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مرحومہ اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے پر کام کا آغاز

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عمیر رانا اور جانان حسین بھی ڈرامے کا حصہ ہیں۔

انہوں نے اداکاروں کے ساتھ جو تصویر شیئر کی، اس میں جانان حسین کو پولیس یونیفارم میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ حدیقہ کیان کو روایتی انداز میں دکھایا گیا ہے۔

انہوں نے سینیئر اداکاروں اور دیرینہ دوستوں کے ہمراہ ’پنجرہ‘ میں کام کرنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔

ژالے سرحدی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ’پنجرہ‘ کو اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا اور اسے ریلیز کرنے کی تاریخ کا جلد اعلان ہوگا۔

’پنجرہ‘ کی ہدایات نجف بلگرامی دے رہے ہیں جب کہ اسے شازیہ وجاہت نے پروڈیوس کیا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’پنجرہ’ کی کہانی کس موضوع کے گرد گھومتی ہے، تاہم خبریں ہیں کہ اس میں سماجی مسائل کو دکھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: مرحومہ اسما نبیل کے آخری ڈرامے ’پنجرہ‘ میں حدیقہ کیانی کاسٹ

ڈرامے کی ٹیم نے حدیقہ کیانی کو کاسٹ کرنے کی تصدیق پہلے ہی کردی تھی، خبریں ہیں کہ دنانیر مبین بھی ڈرامے کا حصہ ہیں۔

ڈرامے کی پروڈیوسر شازیہ وجاہت نے ستمبر 2021 میں بتایا تھا کہ انہوں نے مرحومہ اسما نبیل کے لکھے گئے آخری ڈرامے پر کام شروع کردیا۔

حدیقہ کیانی بھی ڈرامے کا حصہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
حدیقہ کیانی بھی ڈرامے کا حصہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

اسما نبیل رواں برس جولائی میں بریسٹ کینسر کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈراما نگار اسما نبیل انتقال کر گئیں

انہوں نے ’خانی، باندی، دمسی، خدا میرا بھی ہے، دل کیا کرے اور سرخ چاندنی‘ سمیت دیگر ڈراموں کی کہانیاں لکھی تھیں۔

اسما نبیل میں ابتدائی طور پر 2013 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، چند سال زیر علاج رہنے کے بعد انہوں نے کینسر کو تقریبا شکست دے دی تھی مگر بعد ازاں موضی مرض نے دوبارہ انہیں جکڑا اور وہ 2018 کے بعد دوبارہ زیر علاج رہیں۔

کینسر کے علاج کے دوران اسما نبیل اپنے سر کے بالوں سے بھی محروم ہوگئی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ شوبز تقریبات میں دکھائی دیتی تھیں مگر جولائی 2021 میں وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔

اسما نبیل نے متعدد کامیاب ڈرامے لکھے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
اسما نبیل نے متعدد کامیاب ڈرامے لکھے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں