پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے 2020 کے ماہ رمضان سے معروف ترک ڈرامے 'دیریلیش ارطغرل' کو اردو زبان میں نشر کرنا شروع کیا تھا جس کے 5 سیزن دکھائے گئے۔

اب یہ ڈراما 6 فروری کو اختتام پذیر ہوگیا جس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کیے۔

لوگوں کے اسی جوش و جذبے کو دیکھتے ہوئے پی ٹی وی کی جانب سے ارطغرل غازی کے اختتام پر اس کی جگہ ایک اور مقبول ترک ڈرامے کو نشر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ ٹی آر ٹی
فوٹو بشکریہ ٹی آر ٹی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی وی کی جانب سے ایک پوسٹ میں بتایا گیا کہ 9 فروری سے پایہ تخت سلطان عبدالحمید کو نشر کیا جائے گا۔

یہ ڈراما ہر بدھ سے اتوار کو رات 7 بج کر 55 منٹ پر نشر ہوگا۔

ٹرکش ریڈیو ٹیلی ویژن (ٹی آرٹی) نے یہ ڈراما 2017 میں نشر کرنا شروع کیا تھا جس کے 5 سیزن بنائے گئے اور اس کا اختتام 2021 میں ہوا۔

پایہ تخت عبدالحمید کے ہدایت کار سردار آقار ہیں۔ جبکہ سلطان عبدالحمید کا کردار ترک اداکار بلند اِنال نے ادا کیا ہے۔

یہ ڈراما عثمانی سلطنت کے سلطان عبدالحمید دوئم کی زندگی پر مبنی ہے جو 1876 سے 1909 تک اس ریاست کے سلطان رہے تھے۔

فوٹو بشکریہ ٹی آر ٹی
فوٹو بشکریہ ٹی آر ٹی

درحقیقت انہیں عثمانی سلطنت کا آخری بااختیار سلطان بھی مانا جاتا ہے۔

پایہ تخت عبدالحمید میں ان کے عہد کے آخری 13 برسوں کی کہانی کو بیان کیا گیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح یورپی ممالک اور یہودیوں نے سازشیں کیں۔

ڈرامے میں حجاز ریلوے لائن کے امور اور دیگر کئی اہم تاریخی واقعات جیسے جنگ یونان میں کامیابی کو بھی اسکرین پر پیش کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں