اسلام آباد ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر شاہ محمد کی نااہلی کا فیصلہ معطل کردیا

اپ ڈیٹ 09 فروری 2022
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رواں سال یکم فروری کو صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو 5 سال کے  لیے معطل کردیا تھا — فائل فوٹو: رائٹرز
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رواں سال یکم فروری کو صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو 5 سال کے لیے معطل کردیا تھا — فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر شاہ محمد کی نااہلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رواں سال یکم فروری کو صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو 5 سال کے لیے نااہل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے مامون رشید کو بھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیر ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا شاہ محمد 5 سال کیلئے نااہل

بکاخیل تحصیل چئیرمین الیکشن میں ہنگامہ آرائی کے معاملے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل کیے جانے کے بعد خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر شاہ محمد اور پی ٹی آئی امیدوار مامون الرشید نے نااہلی چیلنج کر دی تھی۔

شاہ محمد اور مامون الرشید نے الیکشن کمیشن کے یکم فروری کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حملہ مخالف امیدوار مامور خان وزیر نے اپنی شکست دیکھ کر کیا تھا اور حملہ کرنے کے بعد الیکشن کمیشن میں خود متاثرہ فریق بن کر آگئے تھے۔

انہوں نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پولنگ اسٹیشن حملہ: الیکشن کمیشن کا صوبائی وزیر کو بیٹے اور بھائی سمیت نوٹس

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے آج مقدمے کی سماعت کی اور شاہ محمد کی جانب سے احسن بھون ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کی حد تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا، تاہم ابھی ان کے بیٹے مامون کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 11 فروری تک جواب طلب کرلیا۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں ہونے والی پولنگ کے دوران ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن و امان کیس میں الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں: کے پی بلدیاتی انتخابات: پی ٹی آئی وزرا، چیئرمین پی پی پی سمیت دیگر پر جرمانہ

خیال رہے کہ بنوں کی تحصیل بکاخیل میں بلدیاتی انتخابات کی شام نامعلوم افراد نے 5 پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو انتخابی مواد سمیت اغوا کرلیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے وہاں الیکشن ملتوی کردیا تھا۔

انتظامیہ کے ایک سینیئر افسر نے ڈان کو بتایا تھا کہ انتظامیہ نے اغوا شدہ عملے کو بازیاب کرا لیا تھا لیکن ای سی پی نے پولنگ ملتوی کردی تھی۔

واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کے لیے ایک 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی تھی جسے ایک ہفتے میں رپورٹ جمع کرانے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات: امیدواروں کا غلط چناؤ شکست کی بڑی وجہ بنی، وزیراعظم

الیکشن کمیشن نے بکاخیل میں پولنگ اسٹیشنز پر حملہ کرنے کے کیس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد کے علاوہ ان کے بھائی اور بیٹے کو بھی نوٹسز جاری کیے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں