کے پی بلدیاتی انتخابات: پی ٹی آئی وزرا، چیئرمین پی پی پی سمیت دیگر پر جرمانہ

10 دسمبر 2021
خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
خیبرپختونخوا کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا (کے پی) میں شیڈول بلدیاتی انتخابات کے قواعد کی خلاف ورزی پر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وزرا اور اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت دیگر اراکین اسمبلی پر جرمانہ کرتے ہوئے تنبینہ بھی جاری کردی۔

خیبرپختونخوا میں پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی مہم زور و شور سے جاری

ای سی پی کے ترجمان ہارون شنواری کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر کئی صوبائی وزرا، اراکین قومی اسمبلی اور اراکین صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا کو الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت جرمانہ کر دیا ہے۔

ہارون شنواری نے کہا کہ صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی کو مزید خلاف ورزی کرنے پر تنبیہ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید خلاف ورزی پر معاملہ لیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس بھیج دیا جائے گا اور اس حوالے سے قانون کے مطابق باضابطہ کارروائی ہوگی۔

ای سی پی کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر ڈیرہ اسمٰعیل خان نے گزشتہ روز وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو 50 ہزار روپے جرمانہ، آج رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی پر 30 ہزار روپے جبکہ لطف الرحمٰن پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کی حکومتی درخواست مسترد

ترجمان نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر بنوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر صوبائی وزیر شاہ محمد خان کو 50 ہزار روپے، رکن قومی اسمبلی زاہد خان درانی پر بھی 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ رکن صوبائی اسمبلی ملک شیر اعظم خان وزیر اور ملک پختون یار خان کو 50،50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر بنوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو 11 دسمبر کو ذاتی حیثیت میں اپنے دفتر میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔

چیئرمین پی پی پی اور دیگر پر جرمانہ

ترجمان ای سی پی ہارون شنواری کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر پشاور نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، پی پی پی کے اراکین قومی اسمبلی خورشید شاہ اور قادر پٹیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی کو فی کس 50،50 ہزر روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر پشاور نے نگہت اورکزئی کو وارننگ جاری کی ہے اور مزید خلاف ورزی پر کیس الیکشن کمیشن بھجوایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کے پی میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا شیڈول جاری

انہوں نے مزید بتایا کہ پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو پر بھی بلدیاتی انتخابات کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں 19 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے اور ای سی پی نے اس کا شیڈول جاری کردیا ہے۔

ای سی پی کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے بعد دیگر 18 اضلاع میں انتخابات 16 جنوری 2022 کو ہوں گے۔

مجموعی طور پر 19ہزار 282 امیدوار 2 ہزار 359 وی سی این سیز پر جنرل کونسلرز کی نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں، جبکہ وی سی این سیز کی اتنی ہی نشستوں کے لیے خواتین امیدواروں کی تعداد 3 ہزار 905 ہے۔

اسی طرح کسانوں اور مزدوروں کی نشستوں کے لیے 7 ہزار 513، نوجوانوں کے لیے 290 اور اقلیت کے لیے 282 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی 63 تحصیل کونسلز کے میئر یا چیئرمین کی نشستوں کے لیے 689 امیدوار میدان میں ہیں۔

جن اضلاع میں 19 دسمبر کو انتخابات ہوں گے ان میں بونیر، باجوڑ، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسمٰعیل خان، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، مردان، ہنگو اور لکی مروت شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں