خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کا تعلق جعلی عامل سے نہیں، شوہر

اپ ڈیٹ 11 فروری 2022
شوہر کا کہنا ہے کہ خاتون کے ساتھ ان کے پہلے ہی دو بیٹے ہیں — فوٹو: سراج الدین
شوہر کا کہنا ہے کہ خاتون کے ساتھ ان کے پہلے ہی دو بیٹے ہیں — فوٹو: سراج الدین

چند روز قبل مبینہ طور پر جعلی عامل کی جانب سے سر میں کیل ٹھوکنے والی خاتون کے شوہر نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون ذہنی امراض میں مبتلا ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خاتون کے شوہر نے کہا کہ اس کی بیوی نے کسی جعلی عامل کے کہنے پر سر میں کیل نہیں ٹھکوائی تھی۔

چند روز قبل لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں خاتون کے سر سے کیل نکال دی گئی تھی، تاہم ہسپتال سے واقعے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

قبل ازیں الزام لگایا گیا تھا کہ جعلی عامل نے بیٹے کی پیدائش کے لیے خاتون سے سر میں کیل ٹھوک دی تھی، تاہم خاتون کے افغان شوہر احمد صابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مبینہ دعویٰ مسترد کیا۔

مزید پڑھیں: بیٹے کی خواہشمند خاتون نے جعلی عامل کے کہنے پر سر میں کیل ٹھونک لی

خاتون کے شوہر نے دعویٰ کیا کہ ان کی اہلیہ کافی عرصے سے ذہنی بیماری میں مبتلا ہے اور ماہر نفسیات اس کا علاج بھی کر رہے ہیں۔

احمد صابر نے بیٹے کی خواہش سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی 2 بیویاں اور 11 بچے ہیں جن میں 6 لڑکے شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب پر احمد صابر کا کہنا تھا کہ میڈیا اداروں نے خاندان سے تصدیق کیے بغیر خبر نشر کی۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کا جعلی عامل یا بیٹے کی خواہش سے کوئی تعلق نہیں ہے، ’آپ لوگ یقین نہیں کریں گے لیکن میری بیوی جنات کے قبضے میں ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ خاتون اس کی دوسری اہلیہ ہیں اور ان کی شادی 2012 میں ہوئی تھی، اس کے 2 بیٹوں سمیت 3 بچے ہیں، جبکہ پہلی بیوی کے 8 بچے ہیں جس میں 4 بیٹے اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔

احمد صابر نے کہا کہ ماضی میں بھی اس کی اہلیہ نے گھر کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی تھی۔

یہ بھی دیکھیں: خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے واقعے میں اہم پیشرفت

اس موقع پر ایس ایس پی ہارون رشید کا کہنا تھا کہ پولیس نے تحقیقات کے دوران خاندان کو ٹریس کیا، ساتھ ان کا کہنا تھا کہ خاتون کے سر میں کیل ممکنہ طور پر کسی حادثے کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے ماہر نفسیات سے خاتون کا معائنہ کروانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ خاتون نے تفتیشی حکام کو بتایا کہ وہ اپنے حواس کھو بیٹھی تھیں، ہوش میں آنے پر انہوں نے دیکھا کہ ان کے سر میں کیل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس خاتون کے شوہر کا فون کالز ریکارڈ بھی چیک کر رہی ہے، اس کا شوہر واقعے کے وقت گھر میں موجود نہیں تھا۔

یاد رہے چند روز قبل جب خاتون لیڈی ریڈنگ ہسپتال لاہور پہنچی تھیں تو ان کے سر سے خون بہہ رہا تھا اور ڈاکٹرز نے دیکھا کہ ان کے سر میں کیل ٹھکی ہوئی ہے، تاہم ڈاکٹرز نے علاج کرتے ہوئے کیل نکال دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں