انگلینڈکو 10 وکٹوں سے شکست، ٹیسٹ سیریز ویسٹ انڈیز کے نام

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2022
ٹیسٹ سیریز میں 0-1 سے فتح کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو — فوٹو: اے ایف پی
ٹیسٹ سیریز میں 0-1 سے فتح کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو — فوٹو: اے ایف پی

ویسٹ انڈیز نے باؤلرز اور جوشوا ڈی سلوا کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز بھی 0-1 سے اپنے نام کر لی۔

سینٹ جیارج میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

ویسٹ انڈیز کا یہ فیصلہ بالکل درست ثابت ہوا اور پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 114 رنز پر 9 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس مرحلے پر ساجد محمود اور جیک لیچ نے میدان سنبھالا اور دسویں وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت قائم کی، ثاقب نے 49 اور جیک لیچ نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیماروچ، کائل میئرز اور الزاری جوزف نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہوئی اور 95 رنز پر میزبان ٹیم کی چھ وکٹیں گر چکی تھیں لیکن اس مرحلے پر جوشوا ڈی سلوا انگلش باؤلنگ کے خلاف ڈٹ گئے۔

ڈی سلوا نے ناصرف سنچری اسکور کی بلکہ ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر مزید 200 سے زائد رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو میچ میں مستحکم کر دیا۔

ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے اور 93 رنز کی برتری حاصل کی۔

انگلینڈ کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور کائل میئرز کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب پوری ٹیم 120 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

میئرز نے 18 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیماروچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ نے میچ میں فتح کے لیے ویسٹ انڈیز کو 28 رنز کا ہدف دیا جو ویسٹ انڈیز نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

ویسٹ انڈیز نے میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تین میچوں کی سیریز بھی 0-1 سے اپنے نام کی۔

بحرانی حالات میں سنچری بنانے والے جوشوا ڈی سلوا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں 341 رنز بنانے والے ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تبصرے (0) بند ہیں