شوبز شخصیات کی ریحام خان پر سخت تنقید

10 اپريل 2022
ریحام خان بھی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے وقت اسمبلی میں موجود تھیں—فوٹو: ٹوئٹر
ریحام خان بھی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے وقت اسمبلی میں موجود تھیں—فوٹو: ٹوئٹر

سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کی پارلیمنٹ ہاؤس میں بنائی گئی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان پر تنقید کرتے ہوئے ’بد بخت اور بے رحم سابق شریک حیات‘ قرار دیا ہے۔

ریحام خان اور عمران خان نے 2014 کے اختتام میں شادی کی تھی اور ان کے درمیان اکتوبر 2015 میں طلاق ہوگئی تھی۔

طلاق ہوجانے کے بعد عمران خان کے حوالے سے بات کرنے پر پہلے بھی ریحام خان کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور 9 اپریل کو جب قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوئی تو اس وقت ریحام خان نے اسمبلی ہال سے ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس پر انہیں شوبز شخصیات نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ریحام خان نے قومی اسمبلی کے ہال سے بنائی گئی مختصر ویڈیو کے آخر میں ’کدھر ہو نیازی، ڈر گئے کیا؟‘ کا جملہ بولا تھا، جس پرعمران خان کی مداح شوبز شخصیات کو برا لگا اور انہوں نے ریحام خان پر تنقید کی۔

ریحام خان نے مذکورہ ویڈیو ٹوئٹ کی تھی، جسے بعد ازاں دیگر سوشل میڈیا پیجز پر بھی شیئر کیا گیا اور لوگوں نے ان کی ویڈیو پر طرح طرح کے تبصرے کیے۔

یہ بھی پڑھیں: فاشسٹ حکومت کی حمایت کرنے پر شوبز شخصیات پر دکھ ہوا، ریحام خان

ریحام خان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کے خلاف کمنٹس کرتے ہوئے ان کے لیے ’بد بخت سابق بیوی‘ اور ’زہر، سانپ، بے رحم، سابق شوہر کی عزت نہ کرنے والی‘ سمیت دیگر الفاظ لکھے۔

ریحام خان کی ویڈیو پر ایمن خان، منیب بٹ، فیروز خان، نادیہ حسین اور عدیل چوہدری سمیت دیگر شخصیات نے کمنٹس کیے۔

ریحام خان کی وائرل ویڈیو پر عام لوگوں نے بھی کمنٹس کیے، جہاں لوگوں نے ان کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال کیا، وہیں بعض افراد نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔

شوبز شخصیات نے ریحام خان پر تنقید کی—اسکرین شاٹ
شوبز شخصیات نے ریحام خان پر تنقید کی—اسکرین شاٹ

اس سے قبل ریحام خان نے عمران خان کی حمایت کرنے والی شوبز شخصیات پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ اداکاروں کو ان کے آرٹ کی وجہ سے عزت ملتی ہے، انہیں ایک فاشسٹ حکومت کی حمایت نہیں کرنی چاہیے۔

ریحام خان نے فنکاروں کو اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ متعدد شوبز شخصیات نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش ہونے کے بعد ان کی حمایت کی تھی۔

شوبز شخصیات کی جانب سے عمران خان کی حمایت کرنے پر ریحام خان نے کسی بھی اداکار کا نام لیے بغیر فنکاروں کو کہا تھا کہ انہیں فاشسٹ حکومت کی طرفداری نہیں کرنی چاہیے۔

اس وقت بھی ریحام خان کو شوبز شخصیات سمیت دیگر لوگوں نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

faisal Apr 11, 2022 11:15am
Aaakh Thooo on all including showbaz beggar family and kaanpain taang boy group