عدم اعتماد تحریک: شوبز شخصیات وزیر اعظم کی حمایت میں سامنے آگئیں

شوبز شخصیات نے عمران خان کو امید قرار دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
شوبز شخصیات نے عمران خان کو امید قرار دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

وزیر اعظم کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک پیش کیے جانے پر شوبز شخصیات نے عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ملک کا مسیحہ قرار دیا ہے۔

شوبز شخصیات نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں کیے گئے جلسے پر بھی ان کی حمایت کرتے ہوئے مداحوں کو اس میں شرکت کی اپیل کی تھی۔

اب متعدد شوبز شخصیات نے عدم اعتماد کی تحریک پر بھی وزیر اعظم کا ساتھ دیتے ہوئے اپوزیشن کی سیاست کو ’گندی سیاست‘ قرار دیا ہے۔

سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں اپوزیشن کو ’گندی سیاست‘ کرنے والا قرار دیا، تاہم انہوں نے کسی بھی حزب اختلاف کی جماعت اور سیاستدان کا نام نہیں لکھا۔

عدنان صدیقی نے لکھا کہ عمران خان قوم کا وزیر اعظم ہے اور لوگ انہیں چاہتے ہیں اور وہ ملک کو مشکل حالات سے نکال سکتا ہے۔

ساتھ ہی اداکار نے اپوزیشن کو اپیل کی کہ عمران خان کو اپنی مدت پوری کرنے دی جائے، اس کے بعد ہی ان کے خلاف واویلا کیا جائے۔

’سپر اسٹار‘ اداکارہ ماہرہ خان نے مختصر ٹوئٹ میں عمران خان کا نام لکھ کر پاکستانی جھنڈے اور دعا کے ایموجیز کا استعمال کیا۔

گلوکار و موسیقار بلال مقصود نے بھی وزیر اعظم کی حمایت میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کو کم از کم اگلے 10 سال تک ان کی ضرورت ہے۔

اداکارہ صبا قمر نے بھی وزیر اعطم کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ مسئلہ صرف واحد شخص عمران خان کا نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کا معاملہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے ان کی کامیابی کی دعا بھی کی۔

اداکارہ اشنا شاہ نے بھی وزیر اعظم کی حمایت میں ٹوئٹ کی مگر انہوں نے ان کا نام استعمال نہیں کیا اور اپوزیشن کی حکمت عملی اور سیاست داؤ پیچ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

اشنا شاہ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اگر ان کی زندگی میں پاکستان مضبوط نہیں بنا تو کوئی بات نہیں مگر آنے والی نسل ملک کو مضبوط حالت میں دیکھے گی۔

اداکارہ ایمن خان نے بھی وزیر اعظم عمران خان کی پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی حمایت کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کرپشن نہیں چاہیے کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

منیب بٹ نے بھی وزیر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی حمایت کا اعلان کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں