صدر عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کردی

07 جون 2022
وفاق سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل، وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر مواصلات اسعد محمود اقتصادی کونسل کے اراکین تعینات کردیے گئے ہیں — فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
وفاق سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل، وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر مواصلات اسعد محمود اقتصادی کونسل کے اراکین تعینات کردیے گئے ہیں — فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 156 (ون) کے تحت قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم قومی اقتصادی کونسل کے چیئرمین اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کونسل کے رکن ہوں گے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ وفاق سے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل، وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر مواصلات اسعد محمود اقتصادی کونسل کے اراکین تعینات کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح پنجاب سے سردار اویس احمد خان لغاری اور سندھ سے سینیٹر نثار احمد کھوڑو کے نام بطور اراکین قومی اقتصادی کونسل منظور کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے 21 رکنی اقتصادی مشاورتی کونسل تشکیل دے دی

اس کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا سے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور بلوچستان سے سینئر وزیر برائے خزانہ نور محمد دمڑ بطور رکن تعینات کیے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری اقتصادی اُمور اور سیکریٹری منصوبہ بندی ڈویژن خصوصی دعوت پر قومی اقتصادی کونسل کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سمری کے تحت قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو کی درخواست کی تھی۔

صدر مملکت نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل نو وزیراعظم کی ایڈوائس پر کی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں