• KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:30pm
  • LHR: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • ISB: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • KHI: Maghrib 6:15pm Isha 7:30pm
  • LHR: Maghrib 5:42pm Isha 7:03pm
  • ISB: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm

عید الاضحیٰ کا دوسرا روز بارشوں کی نذر، شائقین سینما گھروں کا رخ نہ کرسکے

شائع July 11, 2022
عام شہریوں سمیت شوبز شخصیات نے بھی بارش کے بعد شہر کی تبا کن صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا—فوٹو : انسٹاگرام
عام شہریوں سمیت شوبز شخصیات نے بھی بارش کے بعد شہر کی تبا کن صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا—فوٹو : انسٹاگرام

ملک کے مختلف شہروں اور خاص طور پر کراچی میں عیدالاضحیٰ کا دوسرا روز بارشوں کی نذر ہوگیا جس کے سبب شہریوں کی اکثریت سینما گھروں کا رخ نہ کر سکی۔

اس بار عید الاضحیٰ پر 10 جولائی کو فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی 'قائد اعظم زندہ باد'، ہمایوں سیعد، مہوش حیات اور کبریٰ خان کی 'لندن نہیں جاؤں گا' اور سمیع خان اور نازش جہانگیر کی 'لفنگے' ریلیز ہوئی جبکہ 8 جولائی کو ہالی وڈ فلم ’تھور: لو اینڈ تھنڈر‘ بھی ریلیز ہوئی۔

عیدالاضحیٰ کے پہلے روز شائقین کی بڑی تعداد نے نہ صرف سینما گھروں کا رخ کیا بلکہ ہالی وڈ فلم کی موجودگی میں پاکستانی فلمیں دیکھنے کو ہی ترجیح دی۔

پاکستانی فلمیں دیکھ کر شائقین نے اپنی پسندیدگی کا اظہار بھی کیا، قائد اعظم زندہ باد اور لندن نہیں جاؤں گا سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتی رہیں۔

پاکستان کے علاوہ دیگر مملک میں بھی پاکستانی فلمیں کامیابی سے ریلیز ہوئیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھرپور انداز میں اپنی پسندیدگی کا مظاہرہ کیا۔

تاہم عید کے دوسرے روز پنجاب، خیبرپختون خوا کے مختلف شہروں اور خاص طور پر کراچی میں دن کے آغاز سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موسلا دھار بارشوں سے نطام زندگی درہم برہم ہوگیا اور شہری سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے بھی محروم رہے۔

شدید بارشوں کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے سبب شہری سینما گھروں تک جانا تو دور، گھر سے نکلنے سے بھی قاصر رہے۔

عام شہریوں سمیت شوبز شخصیات نے بھی بارش کے بعد شہر کی تبا کن صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث شہر میں بیشتر سینما آج بند رہے۔

واضح رہے کہ تقریباً 2 سال سینما بند رہنے کے بعد رواں سال عید الفطر پر صبا قمر اور زاہد احمد کی کامیڈی ایکشن فلم گھبرانا نہیں ہے، ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی کامیڈی مصالحہ فلم پردے میں رہنے دو، نیلم منیر اور احسن خان کی مصالحہ کامیڈی فلم چکر جب کہ امر خان اور عمران اشرف کی مصالحہ انٹرٹینمنٹ فلم دم مستم ریلیز ہوئی تھیں۔

عیدالفطر سے قبل پاکستان میں آخری بار 2019 میں عید الاضحیٰ کے موقع پر سینماؤں میں فلمیں ریلیز ہوئی تھیں، جس کے بعد مارچ 2020 میں کورونا کی وبا آنے کی وجہ سے سینما بند کردیے گئے تھے۔

خیال رہے کہ رواں برس عید الفطر پر ریلیز کی گئی فلم ‘چکر’ کو عید الاضحیٰ پر اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر ریلیز کردیا گیا ہے، ریلیز کے ساتھ ہی فلم نے 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ سے زائد ویوز بھی حاصل کرلیے۔

‘چکر’ کو عید الفطر پر سینماؤں میں پیش کیا گیا تھا اور اس کی کہانی ڈراما نگار ظفر عمران کی ہے جبکہ یاسر نواز نے اس کا اسکرین پلے لکھا ہے۔

فلم کے نمایاں فنکاروں میں احسن خان، نیلم منیر، جاوید شیخ، محمود اسلم، نوید رضا، احمد حسن اور خود یاسر نواز شامل ہیں، اس فلم کے ہدایت کار یاسر نواز ہیں اور اس کی کہانی ایک ماڈل کے قتل کے گرد گھومتے واقعات پر مبنی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024