عید الاضحیٰ پر کونسی پاکستانی فلمیں ریلیز ہوں گی؟

02 جولائ 2022
رواں سال عید الضحیٰ پر 3 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوں گی—فوٹو : انسٹاگرام
رواں سال عید الضحیٰ پر 3 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوں گی—فوٹو : انسٹاگرام

رواں سال عید الفطر پر 4 پاکستانی فلمیں ریلیز ہونے کے بعد اب عید الاضحیٰ پر مزید 3 پاکستانی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں۔

عیدالفطر سے قبل پاکستان میں آخری بار 2019 میں عید الاضحیٰ کے موقع پر سینماؤں میں فلمیں ریلیز ہوئی تھیں، جس کے بعد مارچ 2020 میں کورونا کی وبا آنے کی وجہ سے سینما بند کردیے گئے تھے۔

تقریباً 2 سال بعد رواں سال عید الفطر پر صبا قمر اور زاہد احمد کی کامیڈی ایکشن فلم گھبرانا نہیں ہے، ہانیہ عامر اور علی رحمٰن کی کامیڈی مصالحہ فلم پردے میں رہنے دو، نیلم منیر اور احسن خان کی مصالحہ کامیڈی فلم چکر جب کہ امر خان اور عمران اشرف کی مصالحہ انٹرٹینمنٹ فلم دم مستم ریلیز ہوئی۔

اس عید الاضحیٰ پر فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی قائد اعظم زندہ باد، ہمایوں سیعد، مہوش حیات اور کبریٰ خان کی لندن نہیں جاؤں گا اور سمیع خان اور نازش جہانگیر کی لفنگے ریلیز کی جائے گی۔

قائد اعظم زندہ باد

فلم ساز نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی ایکشن مصالحہ فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ عید الاضحیٰ کے موقع پر 10 جولائی کو ریلیز ہوگی جس میں فہد مصطفیٰ پولیس کا کردار نبھاتے ہوئے فُل ایکشن میں نظر آئیں گے۔

فلم کے ٹریلر سے بظاہر یہ تاثر ملتا ہے کہ اس میں فہد مصطفیٰ پہلے کرپٹ اور بعد ازاں ایماندار پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

فلم میں جہاں فہد مصطفیٰ دبنگ پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے، وہیں ماہرہ خان بھی ان کے ساتھ ایکشن کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم میں پہلی بار فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان بطور ہیرو اور ہیروئن کے طور پر بڑی اسکرین پر رومانس کرتے دکھائی دیں گے اور دونوں کی جوڑی کو ابھی سے ہی سراہا جا رہا ہے۔

یہ فہد مصطفیٰ کی فلم سازوں نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کے ساتھ پانچویں فلم ہے، اس سے قبل سامنے آئی پانچ فلموں 'نامعلوم افراد'، 'ایکٹر ان لا'، 'نامعلوم افراد 2' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں فہد مصطفیٰ نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔

اگرچہ مشکل حالات کے باوجود ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی شوٹنگ 2019 میں شروع ہونے کے بعد 2020 میں مکمل کرلی گئی تھی مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث سینماؤں کے بند ہونے کی وجہ سے اسے ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔

امکان تھا کہ فلم کو 2021 میں ریلیز کردیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوسکا مگر اب بالآخر رواں سال یہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جارہی ہے۔

لندن نہیں جاؤں گا

ہمایوں سعید، مہوش حیات اور کبریٰ خان کے ٹرائی اینگل پیار کی کہانی کے گرد بنی فلم ’لندن نہیں جاؤں گا‘ بھی اس عید الاضحٰی پر ریلیز ہوگی جسے خلیل الرحمان قمر نے لکھا ہے جبکہ ندیم بیگ اس فلم کے ہدایت کار ہیں۔

’لندن نہیں جاؤں گا‘ ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی رومانوی فلم ’پنجاب نہیں جاوٗں گی‘ کا سیکوئل نہیں بلکہ یہ ایک مختلف فلم ہے تاہم دونوں کے موضوع ملتے جلتے ہیں۔

اس فلم کو گزشتہ برس ریلیز کیے جانے کا امکان تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث جہاں اس کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہوئی،وہیں اس کی ریلیز بھی ملتوی کردی گئی تھی۔

رواں برس فلم کی آخری شوٹنگ ترکی اور لندن میں مکمل کرنے کے بعد اب فلم کا پہلا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔

’اے آر وائے فلمز‘ کے بینر تلے ریلیز ہونے والی فلم کو ہمایوں سعید، سلمان اقبال سمیت چار افراد نے پروڈیوس کیا ہے، فلم کے ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی ہمایوں سعید، مہوش حیات اور کبریٰ خان کی محبت کے گرد گھومتی ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ کبریٰ خان فلم میں ہمایوں سعید سے جب کہ وہ مہوش حیات سے محبت کر بیٹھتے ہیں مگر مہوش حیات ان سے محبت کرنے کو تیار نہیں ہوتی۔

ٹریلر کو دیکھ کر معلوم ہوتاہے کہ مہوش حیات اہل خانہ کے ہمراہ لندن میں رہتی ہیں مگر جب وہ پاکستان آتی ہیں تو ہمایوں سعید ان سے محبت کرنے لگتا ہے اور پھر مہوش حیات واپس لندن چلی جاتی ہیں، جسے اپنانے کے لیے ہمایوں سعید بھی واسع چوہدری کے ہمراہ پنجاب سے لندن پہنچنتے ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں سہیل احمد اور صبا حمید بھی شامل ہیں اور فلم میں متعدد پنجابی رومانوی گانے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

فلم کی شوٹنگ لندن اور ترکی کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں کی گئی تھی اور ہمایوں سعید کو پنجابی نسل کے شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

لفنگے

مزاحیہ اور خوفناک مناظر سے بھرپور فلم لفنگے میں اداکار سمیع خان ،اداکارہ نازش جہانگیر، اداکار مانی، سلیم معراج، مبین گبول اور دیگر مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

فلم کی کہانی 4 ایسے نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جن کے بڑے خواب ہیں لیکن ان کو حاصل کرنے کا طریقہ نہیں جانتے۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہےکہ اداکار سمیع خان، مانی،سلیم معراج اور مبین گبول ایک گھر کارخ کرتے ہیں جہاں وہ خوفناک اور مذاحیہ انداز میں مافوق الفطرت تجربات کا سامنا کرتے ہیں جبکہ اداکارہ نازش جہانگیر بھوت کا روپ دھارتی دکھائی دیتی ہیں۔

ہدایت کار عبدالخالق خان اور طارق حبیب رند کی پیشکش کامیڈی ہارر فلم لفنگے 10 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔

اداکار مانی کے مطابق اس فلم کی شوٹنگ طے شدہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے محض 25 سے 26 روز کے اندر مکمل کی گئی۔

خیال رہے کہ رواں سال عید الفطر پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں کے ہالی وڈ فلموں سے ٹکراؤ پر بڑا تنازع پیدا ہوگیا تھا، مقامی فلموں پر غیر ملکی فلم کو ترجیح دینے پر فلم پروڈیوسرز کی جانب سے مایوسی کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔

امکان ہے کہ عیدالضحیٰ پر بھی پاکستانی فلموں کا ہالی وڈ فلم ’تھور: لو اینڈ تھنڈر‘ سے ٹکراؤ ہوسکتا ہے جو کہ 8 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں