احد رضا میر ایک اور ویب سیریز 'ورلڈ آن فائر' میں کاسٹ

اپ ڈیٹ 14 جولائ 2022
احد رضا میر' ورلڈ آن فائر' کے دوسرے سیزن میں جلوہ گر ہوں گے—احد رضا میر/انسٹاگرام
احد رضا میر' ورلڈ آن فائر' کے دوسرے سیزن میں جلوہ گر ہوں گے—احد رضا میر/انسٹاگرام

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار احد رضا میر کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس کی اوریجنل ہارر ویب سیریز 'ریزیڈینٹ ایول' کا حصہ بننے کے بعد انہیں ایک اور ویب سیریز میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔

احد رضا میر معروف ویب سیریز 'ورلڈ آن فائر' کے دوسرے سیزن میں جلوہ گر ہوں گے، جس میں وہ 'راجب' نامی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

سیریز کے دیگر نئے کرداروں میں مارک بونر (گلٹ، لائن آف ڈیوٹی) سر جیمز ڈینیمیر کا کردار نبھائیں گے اور گریگ سلکن (رن ویز، پریٹی اسمارٹ) ڈیوڈ نامی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

'ورلڈ آن فائر' اکتوبر 1940 میں جنگ عظیم کے پس منظر میں فلمایا گیا ہے، یہ ویب سیریز عام لوگوں کی نظروں سے دوسری جنگ عظیم کی کہانی سناتی ہے جن کی زندگیاں جنگ کے سبب افراتفری کا شکار ہوئیں، سیریز کا دوسرا سیزن اس کے خالق پیٹر بوکر، ریچل بینیٹ اور میٹ جونز کی لکھی ہوئی 6 چھ نئے اقساط پر مشتمل ہوگا۔

سیریز کے خالق پیٹر بوکر نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دوسرے سیزن میں وقت لگا، جس نے اس کی فلم بندی کا آغاز کافی پرجوش بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ متاثر کن کاسٹ کے ساتھ کہانی کو پیش کرنا حقیقتاً خوش آئند بات ہے، ہمارے پرانے اور نئے پرجوش ٹیلنٹ دونوں نے شو کے معیار اور اہداف کو قبول کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'شمالی افریقہ میں تنازع کس طرح ہوا ایک دلچسپ اور بہت کم دریافت شدہ تاریخ ہے، اور ہم جدوجہد اور دوستی کی کہانیوں کے ساتھ اس کا احاطہ کرنا چاہتے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سیریز کی متنوع کاسٹ اس تاریخی تنازع کی عالمی نوعیت کی عکاسی کرتی ہے۔

سیریز کے قائم مقام ڈائریکٹر بین ارونگ نے بھی اس شو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 'عام لوگوں پر مرکوز متعدد دلچسپ اور ان کہی کہانیوں سمیت نئے اور واپس آنے والے پرانے کرداروں کے جوڑ کے ساتھ ''ورلڈ آن فائر سیزن 2'' کی فلم بندی دیکھ کر واقعی خوشی ہورہی ہے'۔

پبلک براڈکاسٹنگ سروس 'ماسٹر پیس' کی ایگزیکٹو پروڈیوسر سوزان سمپسن نے کہا کہ ورلڈ آن فائر سیزن 2 انتظار کا مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'سیزن 1 نے ناظرین کو مسحور کیا، اب ہم ان کے لیے دوسری جنگ عظیم کے پس منظر میں فلمائے گئے اس ڈرامے کا ایک اور سیزن پیش کرنے کے لیے پرجوش ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'پیٹر باؤکر کے دلچسپ اسکرپٹس کے ساتھ ایک باصلاحیت کاسٹ کی واپسی کے علاوہ کچھ دلچسپ نئے کرداروں کے ساتھ سیزن 2 یقینی طور پر انتظار کا مستحق ہوگا'۔

فی الوقت یہ شو شمالی آئرلینڈ میں فلمایا جا رہا ہے، اس کا پہلا سیزن 2020 کے موسم بہار میں 'ماسٹر پیس' پر نشر ہوا۔

دریں اثنا اداکار احد رضا میر کی پہلی ویب سیریز ’ریزیڈنٹ ایول‘ ریلیز کر دی گئی ہے جس کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔

ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر احد رضا میر کا نام ٹرینڈ کرنے لگا اور ان کے مداح بے مثال اداکاری پر انہیں خوب سراہ رہے ہیں۔

احد رضا میر کے مداح ان کی پہلی سیریز کے ریلیز ہوتے ہی ایک اور غیر ملکی ویب سیریز میں انہیں کاسٹ کیے جانے کی خبر سُن کر بےحد خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ پہلی نیٹ فلیکس اوریجنل ویب سیریز میں اداکاری دکھانے سے قبل احد رضا میر کینیڈا میں رہائش کے دوران برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں تھیٹرز میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور ان میں شاندار اداکاری کے بدولت ایوارڈز بھی جیت چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں