مسعود اظہر کے بھائی پر عالمی پابندی کی بھارت اور امریکا کی کوششیں ناکام

12 اگست 2022
عبدالرؤف اظہر کو اقوام متحدہ کی شدت پسندوں کی فہرست میں شامل کرانے کی کوشش کی راہ میں چین حائل ہو گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
عبدالرؤف اظہر کو اقوام متحدہ کی شدت پسندوں کی فہرست میں شامل کرانے کی کوشش کی راہ میں چین حائل ہو گیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

جیش محمد کے سینئر کمانڈر اور عسکریت پسند گروپ کے بانی مسعود اظہر کے بھائی عبدالرؤف اظہر کو اقوام متحدہ کی شدت پسندوں کی فہرست میں شامل کرانے کی امریکا اور بھارت کی کوشش کو چین نے معلومات کی کمی کی بنیاد پر مؤخر کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت اور امریکا چاہتے ہیں کہ عبدالرؤف اظہر کے عالمی سفری پابندی عائد کی جائے اور اثاثے بھی منجمد کیے جائیں، اس اقدام پر سلامتی کونسل کی پابندیوں کی کمیٹی کے تمام 15 ارکان کا اتفاق ہوناضروری ہے۔

مزید پڑھیں: مولانا مسعود اظہر کے بھائی کی گرفتاری کے ایک روز بعد ہی بڑی کامیابی

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم نے اس درخواست پر عمدرآمد ابھی روک رکھا ہے کیونکہ ہمیں اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے مزید وقت درکار ہے، اس طرح سے روک دینا رہمنما ہدایات کے مطابق ہے اور کمیٹی کے کئی ارکان کی درخواستوں پر ماضی میں کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی اس طرح کی روک لگائی تھی۔

جمعرات کو بیجنگ میں ایک باقاعدہ بریفنگ میں تبصرہ کرتے ہوئے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے 1267 کے نام سے مشہور پابندیوں کی کمیٹی میں چین کے ٹریک ریکارڈ کا دفاع کیا اور میڈیا سے کہا کہ ‘قیاس آرائیاں’ نہ کریں۔

وزارت خارجہ کے وانگ وین بن نے کہا کہ چین نے ہمیشہ کمیٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق تعمیری اور ذمہ دارانہ انداز میں 1267 کمیٹی کے کام میں حصہ لیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ دیگر اراکین بھی ایسا ہی کریں گے۔

امریکی وزارت خزانہ نےسنہ 2010 میں عبدالرؤف اظہر پر پابندیاں عائد کی تھیں، ان پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے پاکستانیوں کو عسکریت پسندانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور بھارت میں خودکش حملوں کو منظم انداز میں انجام دینے کی ترغیب دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: مسعود اظہر کےخلاف قرارداد ناکام بنانے پر بھارت کا چین سے اظہار افسوس

بدھ کے روز اقوام متحدہ میں امریکی مشن کے ترجمان نے کہا کہ امریکا دوسرے ممالک کا احترام کرتا ہے کہ اس بات کی تصدیق کرنے کی ضرورت ہے کہ پابندیوں کی تجویز اقوام متحدہ کی فہرست میں شمولیت کے ان کے مقامی معیار کو پورا کرتی ہو۔

ترجمان نے کہا کہ امریکا سلامتی کونسل کے اپنے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو اہمیت دیتا ہے تاکہ دہشت گردوں کو عالمی نظام کا استحصال کرنے سے روکنے کے لیے اس آلے کو غیر سیاسی طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔

تبصرے (0) بند ہیں