75ویں یومِ آزادی پر سیاسی رہنماؤں کے پیغامات

اپ ڈیٹ 14 اگست 2022
قوم آج پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کا جشن منا رہی ہے — فوٹو: اے ایف پی
قوم آج پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کا جشن منا رہی ہے — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان بھر میں یوم آزادی کی 75ویں سالگرہ بھرپور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، گلی کوچوں میں پاکستان کے پرچم، ملی نغمے، اور قومی ترانہ گونج رہا ہے۔

اس موقع پر ملک کے سیاستدانوں نے پاکستانی عوام کو یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید بہتر بنانے کا عہد کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی ترانے کی نئی ریکارڈنگ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جشن آزادی کے تاریخی دن کے موقع پر میں پوری قوم اور سمندر پار پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاک سر زمین شاد باد۔

مزید پڑھیں: آزادی کی 75ویں سالگرہ بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان میں یہ صلاحیت ہے کہ جب کوئی اسے موقع نہیں دیتا تو سب کو دنگ کر دیتا ہے، یہ حقیقت ہے کہ یہ ملک آج معاشی بدحالی کی لپیٹ میں ہے اور بڑھتی ہوئی پولرائزیشن سرخیوں میں ہے لیکن موجودہ قیادت ان شا اللہ فتح حاصل کرے گی، قوم کو 75واں یومِ آزادی مبارک۔

ملک کے 75ویں یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو یومِ آزادی کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ ہم قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی وجہ سے پاکستان بنا اور ہم اپنے اباؤ اجداد کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کی آزادی میں اپنا کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم آزادی: قیدیوں کی سزاؤں میں کمی، پی آئی اے کا اندرون ملک سفر کیلئے رعایت کا اعلان

وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ دن ہماری نوجوان نسل، ملک کے عوام، ثقافت، فن، کھیلوں اور خواتین کو خراج پیش کرنے کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 75 سالہ ماضی میں اتار چڑھاؤ آتے رہے مگر پاکستان نے اندرونی و بیرونی قوتوں کا مقابلہ کیا اور ہمیشہ دانشمندی و بردباری سے ان چیلنجز پر قابو پایا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ وہ شروع سے ہی اس سفر کا حصہ رہی ہے اور تب سے پوری دنیا میں قومی پرچم کو سربلند رکھنے کے لیے پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے قائد اعظم کی طرف سے بیان کردہ خارجہ پالیسی کے اہداف کی پیروی جاری رکھی ہے، آج جب تصور اور بیانیے پر ممالک میں جنگیں لڑی جارہی ہیں، وزارت خارجہ ہمارے ملک کے لیے دفاع کی پہلی لائن کے طور پر اپنا مؤقف برقرار رکھتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جغرافیائی سیاست نئے ایکٹرز اور ابھرتے ہوئے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے سرے سے ترتیب دے رہی ہے اسی لیے یہ ضروری ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ان بدلتے ہوئے رجحانات کا مناسب جواب دے۔

مزید پڑھیں: پاکستان 75 سالہ سفر میں دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن کر ابھرا، رپورٹ

ان کا کہنا تھا کہ ہم مستقبل پر نگاہ رکھنے والی قوم ہیں، چاہے وہ تجارتی سرگرمیاں ہوں، ڈیجیٹلائزیشن ہو، سماجی و اقتصادی ترقی ہو، موسمیاتی تبدیلی ہو، زراعت ہو یا سائنسی ایجادات ہوں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 75ویں یوم آزادی کے موقع پر ہم اپنے وطن کے جغرافیہ سے لے کر قدرتی وسائل اور اپنے متحرک لوگوں تک امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ طے کرنے کے لیے مستقبل پر غور کرتے ہیں، ہمارے پاس تمام چیلنجز کو متاثر کرنے اور اگلے سنگ میل تک سفر کرنے کے لیے تمام اجزا موجود ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ 75 برس قبل کروڑوں مسلمانوں نے جدوجہد کی، اللہ تعالیٰ نے ان کی دعاؤں کو قبول کیا اور پاکستان بن گیا لیکن طویل عرصہ گزرنے کے باوجود وہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوا جس کے لیے مسلمانوں نے قربانیاں دیں۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان حقیقی معنوں میں ایک اسلامی ریاست نہیں بن سکا، یہاں کے لوگوں کو عدل و انصاف نہیں ملا، یہاں کے بچوں کو تعلیم نہیں ملی اور نہ ہی نوجوانوں کو ان کی قابلیت پر میرٹ کی بنیاد پر روزگار ملا کیونکہ 75 برس سے اس ملک پر انگریزوں کے ایجنٹوں نے حکومت کی، سیاسی و معاشی دہشت گردوں نے اس ملک کو جغرافیائی و نظریہ کے لحاظ سے تباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مفاد پرست جرنیلوں نے اس ملک پر حکومت کی جبکہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے مل کر اس ملک کو لوٹا جس کی وجہ سے آج قوم بے انتہا مشکلات سے دوچار ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یہاں نہ عدل ہے، نہ انصاف، نہ تعلیم، نہ صاف پانی ہے، یہاں رزق حلال اور انصاف کے دروازے بند ہیں، اللہ نے اس ملک میں سب کو موقع دیا، سب نے حکومتیں کیں مگر ہر بار ان لوگوں نے قوم کو مایوس کیا، اس لیے اب قوم سے درخواست کرتے ہیں کہ اس ملک کو حقیقی اسلامی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کو موقع دیں۔

پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تمام پاکستانی قوم کو یومِ آزادی بہت مبارک ہو، ان شا اللہ یہ قوم اس مملکتِ پاکستان کے سیاسی اور معاشی استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بناتے ہوئے اور راستے میں آنے والی ہر رکاوٹ عبور کرتے ہوئے ایک روشن، مستحکم اور خوشحال مملکت کی منزل حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔

سابق وزیر خزانہ و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اسد عمر نے کہا کہ تمام اہل وطن کو جشنِ آزادی مبارک. جس ملک کے بارے میں دشمن کہتے تھے کہ یہ 6 ماہ میں ختم ہو جائے گا، اپنی 75ویں سالگرہ منا رہا ہے، پہلے بھی جو دنیا کہتی تھی نہیں کر سکتے وہ پاکستانیوں نے کر کے دکھایا، آنے والے دنوں میں ان شا اللہ ایک عظیم قوم بن کر ابھریں گے، دل دل پاکستان، جان جان پاکستان۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ یہ یوم آزادی پاکستانی نوجوانوں کے نام کرنا چاہتی ہوں جن کے ہاتھ میں اس ملک کا مستقبل ہے، اللہ تعالی پاکستان کو شاد و آباد رکھے، یہ وطن تمہارا ہے تم ہو پاسباں اس کے!

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں