ورلڈ جونیئر اسکواش: سیمی فائنل میں پاکستان کو مصر سے شکست

اپ ڈیٹ 21 اگست 2022
پاکستان نے جمعہ کے روز کوارٹر فائنل میچ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دی تھی — فوٹو: ڈبلو ایس ایف
پاکستان نے جمعہ کے روز کوارٹر فائنل میچ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دی تھی — فوٹو: ڈبلو ایس ایف

فرانس کے شہر نینسی میں جاری ورلڈ جونیئر اسکواش چمپیئن شپ میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کا سفر سیمی فائنل مرحلے میں تمام ہوگیا جبکہ اسے ٹاپ سیڈ مصر سے دو کے مقابلے میں ایک سیٹ سے شکست ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تھرڈ سیڈڈ پاکستان نے جمعہ کے روز کوارٹر فائنل میچ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دی تھی، لیکن وہ مصرکی ٹیم کے خلاف ناکام رہا۔

مصر نے ٹائی میں پاکستان پر اس وقت برتری حاصل کی جب کریم الترکی نے حمزہ خان کو 8-11، 8-11، 5-11 سے شکست دی، لیکن نور زمان نے پاکستان کو ٹائی برابر کرنے میں مدد کی جب انہوں نے محمد ناصر کو 3-11، 11-7، 3-11، 6-11 سے زیر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ جونیئر اسکواش: پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو شکست

اس صورتحال کے بعد محمد ذکریا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں پاکستان کی تمام امیدیں اصحاب عرفان سے وابستہ تھیں، لیکن اصحاب عرفان 11-6، 7-11، 13-11، 11-8 سے ہار گئے۔

جمعہ کے روز پاکستان کے نور زمان نے بھارت کے کرشنا مشرا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے ہرایا تھا۔

نور زمان نے بھارتی حریف کو 12-14، 8-11، 4-11 سے شکست دی تھی۔

اسی طرح پاکستان کے حمزہ خان نے بھارت کے ارناوو سارن کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی تھی۔

پانچ سیٹ پر مشتمل میچ کے پہلے اور دوسرے سیٹ میں حمزہ خان نے حریف کو 6-11 اور 10-12 سے مات دی تھی۔

پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں حمزہ خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو 5-11 سے شکست دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں