کراچی: عمارت سے گر کر جاں بحق ہونے والے نوجوان کے قتل کے الزام میں 6 دوست گرفتار

اپ ڈیٹ 21 اگست 2022
تفتیشی افسر نے بتایا کہ جس فلیٹ میں یہ واقعہ پیش آیا اس کا مالک تاحال مفرور ہے— فائل فوٹو: ٹوئٹر
تفتیشی افسر نے بتایا کہ جس فلیٹ میں یہ واقعہ پیش آیا اس کا مالک تاحال مفرور ہے— فائل فوٹو: ٹوئٹر

پولیس نے گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی فیز 8 میں ایک اونچی عمارت سے گر کر جاں بحق ہونے والے نوجوان کے کیس میں 6 لڑکوں کے خلاف مبینہ طور پر اپنے دوست کو قتل کرنے کے الزام میں چارج شیٹ دائر کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 31 جولائی کو کثیرالمنزلہ رہائشی عمارت سے گر کر جاں بحق ہونے والے 26 سالہ عادل مسعود خان کی موت کے کیس میں سید محمد عمار، عثمان احمد، اویس، عزیر احمد، احمد جمیل اور سید فاز کو مقدمہ درج کیے جانے کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کیس کے تفتیشی افسر نے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 322 (قتل) کے تحت جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) مظہر علی کے سامنے عبوری چارج شیٹ دائر کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکا اور لڑکی قتل

اس چارج شیٹ میں پہلے سے طے شدہ قتل کے حوالے سے پی پی سی کی دفعہ 302 شامل نہیں تھی جو کہ بعد میں ایف آئی آر میں شامل کی گئی۔

تفتیشی افسر نے چارج شیٹ میں کہا کہ تفتیش کے دوران اسے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے یہ معلوم ہو سکے کہ متوفی کو اونچی عمارت کی بالکونی سے دھکیلا گیا تھا یا اس کے اور ملزمان کے درمیان کوئی تلخی ہوئی تھی۔

چارج شیٹ میں کہا گیا کہ ملزمان کے خون کے نمونے جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (آئی سی سی بی ایس) کو کیمیائی معائنے کے لیے بھیجے گئے ہیں اور رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں سابق پاکستانی سفارتکار کی بیٹی قتل

تفتیشی افسر نے بتایا کہ جس فلیٹ میں یہ واقعہ پیش آیا اس کا مالک تاحال مفرور ہے۔

مجسٹریٹ نے عبوری چارج شیٹ کو ریکارڈ پر لیا اور تفتیشی افسر کو 25 اگست تک تحقیقات مکمل کرنے اور حتمی چارج شیٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

متوفی کے 6 دوستوں کے خلاف اس کی ہمشیرہ وردہ مسعود کی شکایت پر درخشاں تھانے میں پی پی سی کی دفعہ 322 اور دفعہ 34 (مشترکہ ارادے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے بھائی کے زیر حراست دوستوں نے اسے عمارت سے گرنے کے بعد زخمی حالت میں چھوڑ دیا تھا اور عمارت کی انتظامیہ نے اسے ہسپتال منتقل کیا، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں